امریکا نے جواد ظریف کو ایرانی سفیر کی عیادت سے روک دیا

امریکا نے جواد ظریف کو ایرانی سفیر کی عیادت سے روک دیا
کیپشن: ایرانی سفیر ماجد تخت کینسر کے علاج کیلئے اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

نیو یارک: امریکا نے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کو امریکا میں ایرانی سفیر ماجد تخت کی عیادت سے روک دیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک میں موجود ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف مقامی اسپتال میں زیر علاج ایرانی سفیر کی عیادت کو جانا چاہتے تھے تاہم امریکی حکام کی جانب سے انہیں اجازت نہیں دی گئی۔

ایرانی وزیر خارجہ اپنی رہائش گاہ کے قریب ہی موجود اسپتال میں ایرانی سفیر ماجد تخت کی عیادت کو جانا چاہتے تھے جو کہ کینسر کے علاج کیلئے اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ جواد ظریف کو صرف اس صورت میں اجازت مل سکتی تھی اگر ایرانی حکومت ایران میں قید امریکییوں میں سے کسی ایک کو بھی رہا کر دیتی ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران نے متعدد امریکی شہریوں کو کئی سالوں سے غیر منصفانہ طور پر قید کر رکھا ہے اور ہم نے ایرانی مشن پر واضح کر دیا ہے کہ ایران کسی ایک امریکی شہری کو رہا کر دے تو ایرانی مشن پر سے سفری پابندیاں ختم کر دی جائیں گی۔