سعودی عرب کا فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے50ملین ڈالر کی امداد کا اعلان

سعودی عرب کا فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے50ملین ڈالر کی امداد کا اعلان

نیویارک:سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے 2019 کے لیے فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود کی ذمہ دار اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی(یو این آر ڈبلیو اے)کے مرکزی بجٹ میں 50 ملین ڈالر کا عطیہ دینے کا اعلان کر دیا۔

سعودی وزیر خارجہ نے یہ اعلان نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر یو این آر ڈبلیو اے کے کمشنر جنرل پیری کرینبھل سے ملاقات کے دوران کیا۔

العساف نے سعودی عرب کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ مملکت فلسطینی پناہ گزینوں کی مالی امداد کے لیے ایک مضبوط سیاسی اور مالی مددگار کی پالیسی پرقائم رہے گا۔

اس موقع پر''اونروا''کے کمشنر جنرل نے سعودی عرب کی طرف ایجنسی کو مالی امداد فراہم کرنے کیے اعلان کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ یو این ریلیف ایجنسی 5.5 ملین فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود اور کفالت کی ذمہ داری انجام دے رہی ہے جو عالمی برادری کی طرف سے فراہم کردہ امداد پر چلتی ہے۔

''اونروا''کے سربراہ نے کہا کہ سعودی عرب کی طرف سے تجدید شدہ اور فراخدلانہ عطیہ ہماری ایجنسی کے لئے بہت اہمیت کا حامل ہے۔ یہ امداد ایک ایسے وقت میں جاری کی گئی جب ہم نئے تعلیمی سال کے آغاز کی تیاری کر رہے ہیں ، ہم نے ''یو این آر ڈبلیو اے''کے درجنوں سکولوں کو سعودی فنڈ سے بحال کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی طرف سے عطیہ کردہ رقم سے 5 لاکھ 32ہزار فلسطینی طلبا کی تعلیمی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔