سابق صدر آصف زرداری کی جانب سے میاں شہباز شریف کی گرفتاری کی شدید مذمت

سابق صدر آصف زرداری کی جانب سے میاں شہباز شریف کی گرفتاری کی شدید مذمت

اسلام آباد: سابق صدر آصف زرداری نے بھی شہباز شریف کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نکلے تو حکومت کو گھر جانا پڑے گا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے کاموں کی وجہ سے بین الاقوامی سطح تک کیا پیغام جا رہا ہے، وہ بھی سب کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ احتساب کا معیار اور ملک میں معیشت کی صورتحال سب کے سامنے ہے۔ آج شہباز شریف اندر گئے، کل ہم سب نے اندر جانا ہے۔ ایک دن یہ سب ہونا تو ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف کی گرفتاری پر تبصرہ کرتے ہوئے سابق صدر کا کہنا تھا کہ عوام باہر نکلی تو موجودہ حکومت کو گھر جانا پڑے گا، اس وقت عمران خان کو کسی کی سپورٹ کام نہیں آئے گی۔

ادھر سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے اپنے بھائی شہباز شریف کی گرفتاری کو سخت ناانصافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اسے کبھی قبول نہیں کریں گے۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم ناانصافی کبھی قبول کریں گے اور نہ ہی کسی کے سامنے جھکیں گے۔ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں کئے گئے تمام فیصلوں پر عملدرآمد ہوگا۔ کوئی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمیں جھکایا جا سکتا ہے۔

اس سے قبل سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں سابق وزیراعظم نے کہا تھا کہ شہباز شریف کو گرفتار کرکے اس کٹھ پتلی نظام نے اے پی سی کی قرارداد کی توثیق کی ہے۔

منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس: عدالت نے شہباز شریف کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ وہ جیل کے اندر ہوں یا باہر، اے پی سی میں کیے گئے تمام فیصلوں پر عملدرآمد ہو گا۔