پاکستان سمیت دنیا بھر میں دل کا عالمی دن منایا جا رہا ہے

پاکستان سمیت دنیا بھر میں دل کا عالمی دن منایا جا رہا ہے

لاہور: پاکستان سمیت دنیا بھر میں دل کا عالمی دن منایا جا رہا ہے جس کا مقصد شہریوں میں امراض دل سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے دل کی بیماریوں کی بڑی وجہ یہ ہے کہ لوگوں کی خوراک عادات اور طرز زندگی میں توازن نہیں رہا، جو دل کی بیماریوں کا بڑا سبب ہے۔

پاکستان میں ساڑھے تین لاکھ افراد سالانہ دل کی بیماریوں کے باعث موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ عالمی طبی سروے رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں سترہ اعشاریہ پانچ ملین افراد ہر سال دل کی بیماریوں میں مبتلا ہوتے ہیں۔

اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ لوگ امراض قلب کی ابتدائی علامات کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے بے چینی، سینے میں درد، بھاری پن، منہ سے خون آنا، چکر آنا، ٹھنڈے پسینے آنا، تمباکو نوشی، ناقص اور غیر متوازن غذا اور ورزش کا فقدان بھی امراض قلب کی بڑی وجوہات میں شامل ہیں۔

امراض قلب سے بچاؤ کے لیے باقاعدہ جسمانی ورزش اورمناسب خوراک کھائی جائے اور سالانہ بنیادوں پر دل کی کارکردگی کا معائنہ بھی کرایا جائے تاکہ امراض قلب سے بچا جا سکے۔

ملک کے تقریباً تمام بڑے شہروں میں امراض قلب کے ہسپتال تو بنائے گئے ہیں لیکن دیہی علاقوں میں صورت حال تسلی بخش نہیں ہے۔ شہر کے ہسپتالوں میں علاج مہنگا ہے۔ مریضوں کو نوے فیصد علاج اپنی ہی جیب سے کرانا پڑتا ہے۔

کسی مریض کا بائی پاس ہو یا انجیو گرافی کم از کم ایک سال کا وقت درکار ہوتا ہے لیکن اتنا طویل اور مہنگا علاج خود اپنی جیب سے ادائیگی کے ساتھ کرانے والے مریضوں کی تعداد بہت ہی کم ہے۔