پاکستان انفارمیشن کمیشن کے نئے آن لائن ایپل منیمجنٹ سسٹم کا اجرا

پاکستان انفارمیشن کمیشن کے نئے آن لائن ایپل منیمجنٹ سسٹم کا اجرا

اسلام آباد: حکومت پاکستان کے ڈیجیٹل ویژن کے تحت یونیسکو، ایس ایس ڈی او نے "مشکل صورتحال میں اطلاعات تک رسائی" کے عالمی دن پر پاکستان انفارمیشن کمیشن کے نئے آن لائن ایپل منیمجنٹ سسٹم (اے ایم آئی ایس) کا اجرا کر دیا۔ دیگر شراکتی اداروں میں پاکستان میں یورپین یونین ڈیلیگیشن، سویڈن اور نیدر لینڈ سفارتخانہ شامل ہے ۔

آن لائن اپیل منیجمنٹ سسٹم کے ساتھ ساتھ آزادی صحافت اور اظہار رائے کے تحفظ کے یونیسکو کے ملٹی ڈونر پروگرام کے تعاون سے ایک نئی ویب سائٹ کا بھی افتتاح کیا گیا ۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو ای گورننس سسٹمز کے ذریعے معلومات تک رسائی کے بنیادی حق تک رسائی فراہم کرنا ہے ۔ اب پاکستان انفارمیشن کمیشن کی ویب سائیٹ www.rti.gov.pk پر آن لائن اپیل منیجمنٹ سسٹم(اے ایم آئی ایس) کے ذریعے معلومات تک رسائی کی درخواست دی جاسکے گی۔

نئے تیار کردہ پورٹل کو ایک ایسے نظام کے ساتھ مربوط کیا گیا ہے جو درخواستوں پر ڈیجیٹل کارروائی میں مدد فراہم کریگا ۔ یونیسکو کی کنٹری نمائندہ و ڈائریکٹر پیٹریکا ایم سی فلیپس نے کہا کہ معلومات تک رسائی جمہوری حکومتوں کو مضبوط کرنے کا اہم جزو ہے۔

پاکستان میں ہالینڈ کے سفیر مسٹر واوٹر پلمپ نے شہریوں کی سہولت کے لئے معلومات کی فراہمی کے لئے رائیٹ ٹو انفارمیشن (آر ٹی آئی) قوانین پر فوری اور مکمل عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ ان قوانین میں بھی مزید بہتری لائی جائے۔ پاکستان انفارمیشن کمشنرز نے آن لائن اپیل مینجمنٹ سے متعلق معلومات کی اہمیت اور شہریوں کی سہولت فراہم کرنے میں اس کے کردار بارے آگاہ کیا۔