مولانا طاہر اشرفی کو وزیراعظم کا نمائندہ خصوصی مقرر کر دیا گیا

مولانا طاہر اشرفی کو وزیراعظم کا نمائندہ خصوصی مقرر کر دیا گیا
کیپشن: طاہر اشرفی اعزازی طور پر اس عہدے پر کام کریں گے۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان علماء کونسل کے سربراہ مولانا طاہر اشرفی کو وزیراعظم عمران خان کا نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی مقرر کردیا گیاوزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے مولانا طاہر اشرفی کو اپنا نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی مقرر کیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ان کی تقرری کا اطلاق فوری طور پر ہو گا اور وہ اعزازی طور پر اس عہدے پر کام کریں گے۔

واضح رہے کہ مولانا طاہر اشرفی پاکستان علماء کونسل اور متحدہ علماء بورڈ کے سربراہ بھی ہیں۔

رواں سال اگست کے آخر میں مولانا حافظ طاہر اشرفی نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات بھی کی تھی اور فلسطین کے مسئلے پر پاکستان کے سخت مؤقف کی تعریف کی۔ ملاقات کے دوران حافظ طاہر اشرفی نے ملک کے مذہبی طبقات کے جذبات کو وزیر اعظم تک پہنچایا تھا کہ ان کے اٹھائے گئے اقدام سے پورے عالم اسلام میں ان کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین کو 2018 میں مفتی اعظم سعودی عرب بن عبد اللہ آل شیخ نے اعزازی شیلڈ ، پیش کی اور کہا کہ پاکستان علماء کونسل اور حافظ محمد طاہر محمودا شرفی کی اسلام ، دنیا بھر کے مسلمانوں اور ارض الحرمین الشریفین کے دفاع ، سلامتی اور استحکام کیلئے جدوجہد قابل قدر ہے۔