عدالت کا زرداری کو پیش ہونے کا حکم، ویڈیو لنک پر فرد جرم عائد کرنیکی درخواست مسترد  

Court orders Zardari to appear, rejects plea to charge video link
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے ان کی ویڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد کرنے کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔

احتساب عدالت نے آصف زرداری کو یہ حکم آٹھ ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشن کے ریفرنس میں دیا ہے۔ جج اصغر علی نے اس پر سماعت کی۔

آصف علی زرداری عدالت پیش نہیں ہوئے، ان کی نمائندگی فاروق ایچ نائیک نے کی جبکہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے پراسیکیوٹر وسیم جاوید حاضر ہوئے۔

سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نے عدالت سے کہا کہ خرابی صحت کے باعث ان کے موکل آصف علی زرداری عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے لہذا عدالت ویڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد کرے۔

تاہم احتساب عدالت نے سابق صدر آصف زرداری کی ویڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد کرنے کی درخوست استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انھیں ذاتی حیثیت میں 14 اکتوبر کو پیش ہوگا، انہوں نے ایسا نہ کیا تو ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیں گے۔

احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری پر فرد جرم کے لیے 14 اکتوبر کی نئی تاریخ مقرر کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔