ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے منتخب قومی سکواڈ میں تبدیلیوں کا فیصلہ، کون نکلے گا اور کسے شامل کیا جائے گا؟

ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے منتخب قومی سکواڈ میں تبدیلیوں کا فیصلہ، کون نکلے گا اور کسے شامل کیا جائے گا؟
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سلیکٹرز نے قومی ٹی 20 کپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کی بنیاد پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے منتخب سکواڈ میں تبدیلیوں کا فیصلہ کر لیا ہے۔ 
ذرائع کے مطابق قومی ٹی 20 کپ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے سینئر آل راؤنڈر شعیب ملک، جارح مزاج بلے باز فخر زمان اور نوجوان فاسٹ باؤلر شاہ نواز دھانی کی ٹی 20 ورلڈ کپ سکواڈ میں شمولیت کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ 
ذرائع کے مطابق ٹی 20ورلڈ کپ کیلئے منتخب کردہ قومی سکواڈ میں شامل اعظم خان، محمد حسنین اور صہیب مقصود کے ستارے گردش میں ہیں اور ان کے قومی سکواڈ سے آؤٹ ہونے کا امکان ہے اور ان کی جگہ شعیب ملک، فخر زمان اور شاہ نواز دھانی کی قومی سکواڈ میں انٹری متوقع ہے۔
چیف سلیکٹر محمد وسیم نے گزشتہ روز ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے منتخب کردہ سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں سے ملاقات کی تھی اور انہیں قومی ٹی 20 کپ میں نڈر ہو کر کارکردگی دکھانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ٹورنامنٹ کھلاڑیوں کیلئے ٹرائل کی طرح نہیں ہے، کھلاڑی بے فکر ہو کر کھیلیں۔ 
ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے منتخب سکواڈ میں شامل اعظم خان نے قومی ٹی 20 کپ میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور تین میچز میں 11.66 کی اوسط کیساتھ صرف 35 رنز بنانے میں ہی کامیاب ہو سکے۔ صہیب مقصود بھی متاثر کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے اور تین میچز میں 14 کی اوسط کیساتھ محض 42 رنز بنانے میں ہی کامیاب ہو پائے۔ 
دوسری جانب فاسٹ باؤلر محمد حسنین نے ٹورنامنٹ میں صرف دو میچز کھیلے اور 80 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہنواز دھانی نے 63 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ 
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے منتخب قومی سکواڈ کی قیادت بابراعظم کو سونپی گئی ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شاداب خان، آصف علی، اعظم خان، حارث رؤف، حسن علی، عماد وسیم، خوشدل شاہ، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی اور صہیب مقصود شامل ہیں۔