ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کو بری کر دیا گیا

ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کو بری کر دیا گیا

اسلام آباد: عدالت عالیہ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی سزا کے خلاف اپیلیں منظور کرتے ہوئے مریم نواز شریف کو بری کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نوازاور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی۔ 
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئیں تاہم قومی احتساب بیورو (نیب) پراسیکیوٹر عثمان جی راشد چیمہ طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے پیش نہ ہوئے۔ 
ذرائع کے مطابق نیب پراسیکیوٹر عثمان جی راشد چیمہ کی جگہ نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور اپنے دلائل مکمل کئے۔ 
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ہے جو آج ہی سنایا جائے گا۔ 
عدالت نے کچھ دیر بعد محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا ہے جس کے مطابق مریم نواز شریف اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزا کیخلاف اپیلیں منظور کرتے ہوئے انہیں ایون فیلڈ ریفرنس سے بری کر دیا گیا ہے۔ 

واضح رہے کہ احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کو 7 سال اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی، مریم نواز کو جرم میں معاونت کے الزام میں سزا سنائی گئی تھی۔
ایون فیلڈ کیس میں ہی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد اور تین بار وزیراعظم رہنے والے نواز شریف کو بھی 10 سال قید کی سز اسنائی گئی تھی۔

مصنف کے بارے میں