اسحاق ڈار کی ایک اور کامیابی، آئی ایم ایف سخت شرائط پر نظرثانی کیلئے آمادہ 

اسحاق ڈار کی ایک اور کامیابی، آئی ایم ایف سخت شرائط پر نظرثانی کیلئے آمادہ 
سورس: Twitter

اسلام آباد : وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مالیاتی خسارہ میں کمی اورپائیداراقتصادی نموکیلئے حکومت ڈھانچہ جاتی مسائل کوحل کرے گی، حکومت معاشی طورپرکمزورطبقات کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے معیشت پر بوجھ کم کرنے کے لیے اقدامات کرے گی۔ 

آئی ایم ایف کے مشن چیف ناتھن پورٹر سے ورچوئل میٹنگ میں وزیر خزانہ نے ملک میں تباہ کن سیلاب کی وجہ سے بنیادی ڈھانچہ، فصلوں اور روزگار متاثر ہونے سے پیداہونے والی معاشی صورتحال کے بارے میں انہیں آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت معاشرے کے معاشی طورپرکمزور طبقات کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے قومی معیشت پر بوجھ کم کرنے کے لیے اقدامات کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مالیاتی خسارہ میں کمی اور پائیدار اقتصادی نمو کیلئے حکومت ڈھانچہ جاتی مسائل کوحل کرے گی۔وزیر خزانہ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ایم ڈی آئی ایم ایف سے اپنے دورہ امریکا کے دوران ہونے والی ملاقات کا حوالہ بھی دیا جس میں ایم ڈی آئی ایم ایف نے سیلاب سے پیدا ہونے والی مشکل صورتحال میں پاکستان کا ساتھ دینے اور پروگرام کی شرائط پر نظرثانی کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت تجویز کردہ اصلاحات کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔آئی ایم ایف کے مشن چیف نے وزیر خزانہ کو وزارت خزانہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور معیشت کو درپیش چیلنجوں کے بارے میں آئی ایم ایف کے جائزے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے لیے آئی ایم ایف کی حمایت کا بھی اظہار کیا اور اسی تناظر میں ایم ڈی آئی ایم ایف کی وزیراعظم پاکستان سے ملاقات کا ذکر کیا۔

مشن چیف نے سیلاب کے اثرات کو کم کرنے کے لیے بین الاقوامی قرض دہندگان کی جانب سے پاکستان کی مدد پر بھی بات کی۔وزیر خزانہ نے عالمی معیشت کے لیے مشکل وقت میں آئی ایم ایف کی حمایت پر آئی ایم ایف مشن چیف کا شکریہ ادا کیا۔

مصنف کے بارے میں