مقابلہ کروں گا، جنگ کروں گا لیکن پیچھے نہیں ہٹوں گا، نواز شریف

مقابلہ کروں گا، جنگ کروں گا لیکن پیچھے نہیں ہٹوں گا، نواز شریف
کیپشن: پاکستان کے عوام تبدیل ہو رہے ہیں اور جو لوٹے کھڑے ہو رہے ہیں انہیں عبرت کا نشان بنائیں گے۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کہا میں نے صرف اور صرف پاکستان کیلئے کام کیا تھا جبکہ اس بات کی خوشی ہے کہ ہم دن رات پاکستان کی خدمت کر رہے تھے آج 2018  کا پاکستان 2013 کے پاکستان سے کتنا مختلف ہے کیونکہ ہم نے فیصلہ کیا کہ معاملات کو ٹھیک کرنا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا زرداری صاحب ڈرتے تھے اس لیے دہشتگردی کے خلاف کام نہیں کیا اور 2013 میں لوگ بھی ڈرے ہوئے ہوتے تھے لیکن دہشتگردی کے خلاف جنگ سے قبل ہم نے کراچی آپریشن کا فیصلہ کیا اور ستمبر 2013 میں کراچی کے بارے میں فیصلہ کیا اور میں خود کراچی گیا تھا۔

مزید پڑھیں: پاکستان کو مضبوط اور مستحکم بنائیں گے، عمران خان

سابق وزیراعظم کا اپنے خطاب میں مزید کہنا تھا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت کو 10سال ہونے کو ہیں اور پوچھتا ہوں پیپلز پارٹی کی حکومت نے خود کراچی آپریشن کا فیصلہ کیوں نہیں کیا اور کراچی میں امن سندھ حکومت کا فرض تھا لیکن انہوں نے کچھ نہیں کیا۔ ہم عزم کرلیا تھا کہ کراچی کی حالت بہتر کریں گے اور آج اللہ کے فضل سے کراچی میں امن قائم ہو گیا ہے۔

عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کیانیا پاکستان جھوٹ اور منافقت سے بنتا ہے اور آپ قوم کو دھوکا دے رہے ہیں کیونکہ آپ کہ رہے تھے نیا پاکستان بنائیں گے لیکن کے پی کے میں کونسی تبدیلی لائیں ہیں۔

انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ سندھ والوں سے کہتا ہوں کہ پنجاب کے ساتھ موازنہ کر لیں اور کیا سرخاب کے پر ہمیں ہی لگے ہوئے ہیں کہ مسلم لیگ آئیگی اور اندھیرے ختم کریگی باقی لوگوں نے کچھ نہیں کرنا۔ پاکستان کے عوام تبدیل ہو رہے ہیں اور جو لوٹے کھڑے ہو رہے ہیں انہیں عبرت کا نشان بنائیں گے جبکہ بلوچستان کے کسانوں اور بھائیوں ہماری خدمت کو یاد رکھنا۔

سابق وزیراعظم نے کہا عوام کی خدمت کی اس لئے مجھے نااہل کیا گیا اور مجھے پاکستان سے دربدر کیا اور کیا میں اقامہ بھی نہ رکھتا تو کیسے آتا جاتا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم نے اربوںٕ روپے لگائے،گزشتہ مہینے تربیلا فور کو مکمل کیا اور گیس منصوبے مکمل نہ ہوتے تو آج بھی 15، 15 گھنٹے بجلی نہ ہوتی جبکہ نندی پور منصوبے کو بھی ہم نے آ کر مکمل کیا۔ سب مال کھا رہے تھے اور مال بنا رہے تھے اور بابر اعوان نے کروڑوں روپے مال کھایا۔

یہ بھی پڑھیں: نوازشریف نے مجھے ہرموقع پراسٹیبلشمنٹ سے لڑاکرخودہاتھ ملایا:آصف زرداری

نواز شریف نے کہا مجھے نیب کورٹ کے چکر لگوائے جا رہے ہیں جبکہ یہ تیاری بھی ہو رہی ہے کہ نواز شریف ایک مقدمے سے چھوٹ جائے تو دوسرے میں پھنسا لو اور رائے ونڈ میں سڑک چوڑی کرانے کا مقدمہ بنایا جا رہا ہے۔ فیصلہ کیا ہے اہیسے ہتھکنڈوں کے آگے جھکوں گا نہیں اور میں مقابلہ کروں گا، جنگ کروں گا لیکن پیچھے نہیں ہٹوں گا۔

نواز شریف نے دعویٰ کیا کہ منصوبہ پہلے سے بنا ہوا تھا کہ سینیٹر منتخب کراکر سینیٹ میں لائیں گے کیونکہ سینیٹ میں کرائے کے لوگ، بکے ہوئے اور خریدے ہوئے لوگ پہنچے ہیں۔ عمران کی پارٹی نے تیر کے نشان پر مہر لگائی اس سے بڑی بے اصولی ہو ہی نہیں سکتی۔ یہ سلسلہ کیسے چلے گا اور کب تک چلے گا کیونکہ ہمارے اگلے 70 سال پچھلے 70 سالوں جیسے نہیں ہونے چاہییں تاہم میں تبدیلی دیکھ رہا ہوں کیونکہ میری بھی سیاسی سمجھ بوجھ ہے اور حمزہ، مریم اور ہم سب میدان عمل میں نکلیں گے اور عوام کو موبلائز کرینگے۔

انہوں نے کہا ممکن ہے کوئی ایسا فیصلہ سنا دیں یا مجھے کوئی سزا سنا دیں لیکن میری قربانی اگر کام آ جائے تو اسی سے تبدیلی آئے گی۔ رمضان شریف میں جلسہ نہیں کیا جا سکتا تاہم کسی جگہ میں جاؤں گا کسی جگہ مریم جائیگی، کسی جگہ حمزہ اور کسی جگہ شہباز جائیں گے جبکہ افطار سے پہلے لوگوں سے ملیں گے اور خطاب کریں گے۔

سابق وزیراعظم نے پارٹی رہنماؤں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا رمضان کے بعد الیکشن مہم میں پوری طرح آئیں گے اور تیاری شروع کریں۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں