مقبوضہ کشمیر: بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی میں 3 کشمیری جاں بحق

مقبوضہ کشمیر: بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی میں 3 کشمیری جاں بحق
image by facebook

سری نگر: بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع پلوامہ میں قابض سیکیورٹی فورسز کی جانب سے تازہ ریاستی دہشت گردی میں ایک بچے سمیت 3 کشمیری جاں بحق ہوگئے۔


کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فورسز اور سینٹرل ریزور پولیس فورس نے ضلع پلوامہ کے علاقے درادگام میں مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران مظاہرین پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 50 سے زائد نوجوان کشمیری زخمی ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق زخمیوں کو گولیاں، چھرے اور آنسو گیس کے شیل لگے تھے،اس کے علاوہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی کٹھ پتلی انتظامیہ نے سرچ آپریشن کے دوران ہیلی کاپٹر سے بھی سیکیورٹی فورسز کو مدد فراہم کی تھی۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی فورسز کی مظاہرین پر کی جانے والی فائرنگ سے شاہد اشرف ڈار جاں بحق ہوئے جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ایک مکان پر فائر کیے گئے مارٹر شیل کے باعث سمیر اور عاقب مشتاق جاں بحق ہوئے۔

مذکورہ واقعے کے بعد ضلع بھر میں مکمل شٹر ڈاؤن کیا گیا جبکہ مظاہرین اور فورسز کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔بعد ازاں علاقے میں جاری کشیدگی کے باعث انتظامیہ نے جنوبی کشمیر میں ٹرین اور انٹرنیٹ سروس معطل کردی۔

خیال رہے کہ ضلع پلوامہ کے علاقے میں پیش آنے والے واقعے سے قبل ایک حملے میں بھارتی فورسز کے ایک میجر سمیت 2 فوجی زخمی ہوگئے تھے۔