کورونا وائرس کا پھیلاؤ، ترکی میں پہلی مرتبہ مکمل لاک ڈاؤن نافذ ہو گیا

کورونا وائرس کا پھیلاؤ، ترکی میں پہلی مرتبہ مکمل لاک ڈاؤن نافذ ہو گیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

انقرہ: عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد ترکی میں پہلی بار آج سے مکمل لاک ڈاؤن کے فیصلے پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ترکی میں مکمل لاک ڈاؤن کے نفاذ سے پہلے سڑکوں پر رش بڑھ گیا اور فیول سٹیشنز پر لائنیں لگ گئیں تاہم لاک ڈاؤن شروع ہوتے ہی مختلف شہروں میں سڑکیں سنسان ہو گئیں اور کاروبار بھی مکمل طور پر بند رہے۔ اس سے قبل ترکی میں کورونا کے سبب صرف کچھ پابندیاں لگائی گئیں تھیں تاہم اب 17 مئی تک مکمل لاک ڈاؤن رہے گا۔ 
واضح رہے کہ چند روز قبل ترک کابینہ کے طویل اجلاس کے بعد ترک صدر طیب اردوان نے ملک بھر میں مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ترکی میں 29 اپریل سے17 مئی تک مکمل لاک ڈاؤن ہوگا جبکہ تمام سرگرمیاں بھی محدود کرنے کا اعلان کیا گیا۔ 
یاد رہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران سفر کرنے کیلئے بھی خصوصی اجازت درکار ہوگی جبکہ 50 فیصد مسافروں کے ساتھ انٹرسٹی سروس چلائی جائے گی۔ترک وزارت صحت کے مطابق ترکی میں روزانہ کی بنیاد پر 20 ہزار سے زائد کیسز سامنے آ رہے ہیں اور سینکڑوں اموات بھی رپورٹ ہوئی ہیں۔