عوامی نیشنل پارٹی کا پی ڈی ایم میں واپس نہ جانے پر اتفاق

عوامی نیشنل پارٹی کا پی ڈی ایم میں واپس نہ جانے پر اتفاق
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

پشاور: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی دعوت کے باوجود اپنے فیصلہ پر قائم رہتے ہوئے پی ڈی ایم میں واپس نہ جانے پر اتفاق کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے گزشتہ دنوں پی ڈی ایم اجلاس کے بعد اے این پی اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کو ایک مرتبہ پھر پی ڈی ایم میں واپس آنے کی دعوت دی تاہم اس سلسلے میں تاحال ان کی جانب سے اے این پی کی قیادت کے ساتھ کسی قسم کا کوئی براہ راست رابطہ نہیں ہو سکا۔ 
اے این پی کے مرکزی ترجمان نے نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اے این پی اور پیپلز پارٹی کے معاملات الگ الگ ہیں، پیپلزپارٹی نے صرف پی ڈی ایم کے عہدوں سے استعفے دیئے ہیں اور وہ اتحاد کوچھوڑ کر باہر نہیں گئی جبکہ اے این پی تو پی ڈی ایم کو چھوڑ کر باہر آگئی ہے اور ہم نے جو بھی فیصلہ کیاہے وہ بڑی سوچ سمجھ اور مشاورت کے بعد کیا اس لئے ہماری واپسی کا کوئی امکان نہیں ہے۔