تحریک لبیک کالعدم ہو چکی، اس کی تحلیل کا پروگرام ترک نہیں کیا: شیخ رشید

تحریک لبیک کالعدم ہو چکی، اس کی تحلیل کا پروگرام ترک نہیں کیا: شیخ رشید
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کالعدم ہو چکی ہے اور اس کی تحلیل کا کوئی پروگرام ترک نہیں کیا جبکہ وزیراعظم اور حکومت دونوں فیصلوں پر قائم ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق نجی خبر رساں ادارے کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایات ہیں کہ قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور سرینڈر نہ کیا جائے۔ 
واضح رہے کہ چند روز قبل تحریک لبیک پاکستان پر حکومت کی جانب سے پابندی لگائی گئی تھی تاہم اب ٹی ایل پی نے پابندی ہٹانے کی درخواست جمع کرائی ہے جس کا جائزہ لینے کیلئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا۔ 
ذرائع کے مطابق حکومت نے کالعدم ٹی ایل پی پر پابندی کا جائزہ لینے کیلئے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا جس میں وزارت داخلہ کے 2 جوائنٹ سیکرٹریز بھی شامل ہوں گے۔ 
یاد رہے  کہ کالعدم تحریک لبیک نے پابندی کے خلاف دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ تحریک لبیک دہشت گرد تنظیم نہیں بلکہ الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے جس پر دہشت گردی کا الزام غلط ہے لہٰذا درخواست پر عمل کرتے ہوئے اس پر عائد پابندی ختم کی جائے۔