غیریقینی صورتحال میں نواز شریف نہیں آئیں گے ، عمران خان سے مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں ، بجٹ میں عوام کو ریلیف دیں گے: خواجہ آصف

غیریقینی صورتحال میں نواز شریف نہیں آئیں گے ، عمران خان سے مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں ، بجٹ میں عوام کو ریلیف دیں گے: خواجہ آصف
سورس: file

سیالکوٹ :  وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ تحریکِ انصاف احتجاج کرے تاکہ یہ مذاکرات تو ختم ہوں۔ کہاں لکھا ہے عدلیہ مذاکرات کرائے گی؟۔ عدالت کا کام پنجایت لگانا نہیں ۔ آئین اور قانون کے مطابق فیصلے کرنا ہے۔۔نواز شریف موجودہ غیریقینی کی صورتحال میں واپس نہیں آئیں گے۔ بجٹ میں عوام کو ریلیف دیں گے۔ 

سیالکوٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ آصف کا مذاکرات سے متعلق مزید کہنا تھا کہ پتا نہیں جائز طریقے سے بٹھایا گیا ہے یا ناجائز طریقے سے۔ یہ تو ہم احتمامِ حجت کر رہے ہیں۔ باقی ان سے کیا نتیجہ نکلنا ہے، پچھلے ایک سال میں کیا نتیجہ نکلا ہے۔ عمران خان نے جو کرنا ہے کر لے تاکہ انھیں کوئی گلا نہ رہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’عدلیہ کہتی ہے کہ اب آپ بیٹھ کے مذاکرات کریں، کہاں آئین میں لکھا ہوا ہے کہ مذاکرات کروائے جائیں گے۔ یہ عدلیہ کا کام نہیں ہے۔‘

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی جانب سے لانگ مارچ کا عندیہ دینے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’لانگ مارچ کریں، بالکل کریں، موسٹ ویلکم، یہ لانگ مارچ کہاں چلیں گے۔ انھوں نے وزیرِ آباد والا لانگ مارچ بھی کسی کے کہنے پر کیا تھا۔

’انھوں نے پہلے اسمبلیوں سے استعفے دیے، آج اسمبلیوں میں بیٹھے ہوتے تو ہمیں مسئلہ ہوتا، اس کے ہر فیصلے سے ہمیں سیاسی فائدہ ہو رہا ہے۔‘

انھوں نے پرویز الٰہی کے گھر پر چھاپے سے متعلق وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ پنجاب حکومت نے کیا ہے اور کسی سے چھپ کر نہیں کیا ہے، سب کے سامنے ہوا اور وہ اس پر کھڑے بھی ہیں۔‘

نواز شریف کی واپسی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے بارے میں بات کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ’غیر یقینی صورتحال میں میاں صاحب کو نہیں بلانا چاہتے، ہم چاہتے ہیں کہ وہ کسی ایسے وقت پر آئیں جن میں ان کے آنے کا سب سے زیادہ فائدہ ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ساری دنیا کے ڈاکو عمران خان کے پرچم تلے اکٹھے ہوگئے۔ عمران خان نے ٹکٹس کیلئے ریٹ لسٹ لگارکھی ہے۔ ثاقب نثار کا بیٹا 1 کروڑ 20 لاکھ کا ٹکٹ بیج رہا تھا۔ ثاقب نثار اور پی ٹی آئی کی قیادت بے نقاب ہوئی۔ عمران خان اور سہولت کاروں نے مل کر نواز شریف پر ظلم کیا۔ نوازشریف سے دشمنی میں ثاقب نثار بہت آگے نکل چکے تھے۔

مصنف کے بارے میں