اگر احتساب پاناما پر ختم ہو گیا تو یہ احتساب کی موت ہو گی، شہباز شریف

اگر احتساب پاناما پر ختم ہو گیا تو یہ احتساب کی موت ہو گی، شہباز شریف

لاہور: وزیر اعلی شہباز شریف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملتان میٹرو بس کے حوالے سے اپنے اوپر لگائے جانے والے الزامات کو مسترد کر دیا۔ کہتے ہیں مجھ پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے اور میٹرو بس منصوبے کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے جبکہ منصوبے میں ایک چینی اور پاکستانی کمپنی کو کام دینے کا الزام لگایا گیا جس کمپنی کا نام لیا گیا اسکا کوئی وجود ہی نہیں۔

وزیراعلی پنجاب نے بتایا کہ میرے بارے میں کہا گیا میں نے خط میں اس کمپنی کی تعریف کی جبکہ یہ خط جعلی اور فراڈ ہے میں نے آج تک کوئی خط کیپٹل ورڈز میں سائن نہیں کیا اور خط کے ریفرنس نمبر غلط ہیں۔ میرے نام سے جاری ہونے والا خط سو فیصد جعلی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا مرنے کے بعد بھی کرپشن ثابت ہو جائے تو قبر سے نکال کر ٹانگ دینا کیونکہ خادم کی طرح دن رات غریب قوم کی خدمت کی ہے لیکن اس کے باوجود بے بنیاد الزامات لگائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا الزامات کے پیچھے اربوں روپے کی زمینوں پر قبضہ کرنے والے ہیں اور مجھے اندازہ ہے کہ پریس کانفرنس کے بعد مجھ پر نشتر چلائے جائیں گے لیکن مجھ پر جتنے بھی نشتر چلائے جائیں گے ان کا مقابلہ کروں گا۔

شہباز شریف نے کہا رینٹل پاور پراجیکٹ میں اربوں روپے کا پاکستان کو نقصان ہوا اس کا کیا ہوا اگر احتساب پاناما پر ختم ہو گیا تو یہ احتساب کی موت ہو گی کیونکہ ملک کی ترقی اور اس کو کرپشن سے پاک کرنے کے لئے احتساب سب کا ہونا چاہیئے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں