پنجاب فوڈ اتھارٹی ملازمین کی عید کی چھٹیاں منسوخ، ڈیوٹی شیڈول جاری

پنجاب فوڈ اتھارٹی ملازمین کی عید کی چھٹیاں منسوخ، ڈیوٹی شیڈول جاری

لاہور :عید قربان کی خوشیوں میں عوام کو صحت مند اور معیاری خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ملازمین کی عید کی چھٹیوں منسوخ کرتے ہوئے ڈیوٹی شیڈول جاری کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی رافیعہ حیدر نے آپریشنز ونگ کے تمام ملازمین کی عید کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے تمام ٹیموں کو عید کے تمام دنوں میں معمول شفٹوں کے علاوہ رات 10بجے تک کام کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں ۔ رافیعہ حیدرنے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ تمام ٹیمیں ڈبل شفٹ میں کام کریں گی۔ پہلی ٹیم سہ پہر 5بجے تک جبکہ دوسری ٹیم رات 10بجے تک کام کرے گی۔ عید کے دنوں میں آلائشو ں سے کوکنگ آئل بنانے کے عمل پر بھی کڑی نظر رکھی جائے گی جبکہ عید کے دنوں میں پارکس، تفریحی مقامات میں اشیاء خودونوش کے معیار پر بھی خاص نظر رکھی جائے گی ۔

علاوہ ازیں پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیموں نے شہر کے مختلف علاقوں میں کاروائی کرتے ہوئے ٹولنٹن مارکیٹ میں حافظ چکن سیلسنٹر، بلال چکن سیل پوائنٹ، ساحر چکن پوائنٹ، جھولے لال چکن پوائنٹ، ہجویری چکن سیل سنٹر، رحمان پولٹری سنٹر، پرویز چکن سیل سنتر، لاثانی چکن اور چکن سنٹر پر چھاپہ مارتے ہوئے ناقص صفائی اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 61ہزار کے جرمانے اور 3من ناقص گوشت تلف کر دیا۔ ملتان روڈ پر واقع سمکی سوئیٹس کو غیر معیاری رنگوں کا استعال اور ملازمین کے میڈیکل کی عدم موجودگی پر 10ہزار کے جرمانہ اور مضر صحت اجزاء کو موقع پر ضائع کر دیا جبکہ مختلف علاقوں میں 69فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کرتے ہوئے بہتری کے وارننگ نوٹس جاری کیے۔