جاوید میانداد نے عامر لیاقت کو الیکشن لڑنے کا چیلنج کر دیا

جاوید میانداد نے عامر لیاقت کو الیکشن لڑنے کا چیلنج کر دیا
کیپشن: فوٹو: فائل

کراچی : پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد نے عامر لیاقت کو الیکشن لڑنے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی والوں نے ووٹ عامر لیاقت کونہیں عمران خان کو دیئے ہیں۔

اپنے ایک ویڈیو پیغام میں تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کی جانب سے دیئے گئے بیان کے حوالے سے جاوید میانداد نے کہا کہ مجھے عامر لیاقت کی بات پر افسوس ہوا ان کی باتیں سمجھ سے باہر ہیں، عامر لیاقت نے جس قسم کی باتیں کی وہ پاکستان کے حق میں نہیں، کراچی کو کوئی بھی شخص لاوارث نہ سمجھے یہ پاکستان کا معاشی حب ہے، کراچی میں باشعور اور پڑھے لکھے لوگ ہیں، ذات پات کے بجائے ہمیشہ پاکستان کی بات ہونی چاہیے۔ 

جاوید میانداد نے عامر لیاقت کو الیکشن لڑنے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ میں آپ کی سیٹ پر کھڑا ہوتا ہوں پھر دیکھتا ہوں کراچی والے کسے ووٹ دیتے ہیں کیوں کہ کراچی نے عمران خان کے نام ووٹ دیئے ہیں۔سابق کپتان نے کہا کہ عمران خان کو میں جانتا ہوں انہیں وقت دیں ہمیں مل جل کر کام کرنا ہے کچھ چیزوں کو درگزر کرنا چاہئے جب کہ میرے نزدیک صرف پاکستان کی اہمیت ہے اور پاکستان کے حوالے سے مجھے کوئی بات غلط لگی تو کوئی بھی جماعت ہو میں ضرور بولوں گا کیوں کہ یہ میرا حق ہے۔