سعد رفیق نے ایک بار پھر این اے 131 سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے

سعد رفیق نے ایک بار پھر این اے 131 سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: وزیراعظم عمران خان سے الیکشن ہارنے والے ن لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق نے ایک مرتبہ پھر این اے 131 سے ضمنی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق عام انتخابات 2018 میں لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 131 سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے خواجہ سعد رفیق کو شکست دی تھی، سعد رفیق نے حلقے میں دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے دوبارہ گنتی کی درخواست کی تھی جسے مسترد کردیا گیا تھا۔

مسلم لیگ (ن) نے این اے 131 سے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کے لیے خواجہ سعد رفیق کو ٹکٹ جاری کیا جس کے بعد انہوں ںے جمعرات کے روز اپنے کاغذات نامزدگی داخل کیے۔خواجہ سعد رفیق کے ترجمان قاسم نے ان کے کاغذات جمع کرائے اور ریٹرننگ افسر رحم زادہ نے ان کے کاغذات وصول کیے۔سابق وزیر ریلوے کے کاغذات میں کورننگ امیدوار ان کی اہلیہ غزالہ سعد رفیق ہیں۔


خیال رہے کہ عام انتخابات میں این اے 131 سے عمران خان نے 84313 ووٹ حاصل کیے جب کہ سعد رفیق 83633 ووٹ کے ساتھ انتہائی قریبی مقابلے سے ہارے۔