یکم ستمبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان

08:40 PM, 30 Aug, 2018

اسلام آباد: یکم ستمبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔ذرائع نے بتایا کہ پیٹرول کی قیمت میں دو روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے تک کمی کا امکان ہے۔

مٹی کے تیل کی قیمت میں 30 پیسے فی لیٹر تک کمی جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 70 پیسے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی سمری پٹرولیم ڈویژن کو ارسا ل کردی ہے جب کہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ کل وزارت خزانہ کرے گی۔

خیال رہے کہ اگست کے مہینے کے لیے نگران حکومت نے پیٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔جولائی کے ماہ میں پیٹرول کی قیمت میں 7 روپے 54 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا تاہم بعد میں حکومت نے ٹیکس میں کمی کردی اور جولائی میں پیٹرول 95 روپے 24 پیسے میں دستیاب رہا۔

مزیدخبریں