مودی کو بتانا چاہتا ہوں اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، وزیراعظم عمران خان

مودی کو بتانا چاہتا ہوں اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، وزیراعظم عمران خان
کیپشن: جب مسلمانوں پر ظلم ہوتا ہے تو عالمی ادارے خاموش رہتے ہیں، عمران خان۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج سارا پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے اور کشمیری بہت مشکل وقت سے گزر رہے ہیں۔ کشمیر کی آزادی تک ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ 80 لاکھ کشمیری 4 ہفتے سے کرفیو کے باعث بند ہیں اور کشمیریوں کے دکھ میں پوری طرح شامل ہیں جبکہ بھارتی حکومت انسانوں پر ظلم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا آر ایس ایس میں مسلمانوں کیخلاف نفرت ہے اور یہ تنظیم جرمن نازی پارٹی سے متاثر ہو کر بنائی گئی۔ آر ایس ایس کا نظریہ ہے کہ مسلمانوں کو برابری کا حق نہیں ملنا چاہیئے اور آر ایس ایس کے نظریے نے بھارت پر قبضہ کر لیا لیکن میں ہر فورم پر کشمیرکی جنگ لڑوں گا۔

عمران خان کا کہنا تھا نیو یارک ٹائمز میں کشمیر پر آج میرا مضمون شائع ہوا ہے اور جب مسلمانوں پر ظلم ہوتا ہے تو عالمی ادارے خاموش رہتے ہیں۔ آر ایس ایس کے رکن نے گاندھی کو قتل کیا تھا۔ انہوں نے کہا بھارتی اپوزیشن کو بھی سری نگر نہیں جانے دیا گیا اور مودی اپنے تکبر میں جو کر بیٹھا ہے اب کشمیر آزاد ہو گا۔

وزیراعظم نے مزید کہا بھارت کی کوشش ہے توجہ ہٹانے کیلئے کشمیر میں کچھ نہ کچھ کرے اور مودی کو بتانا چاہتا ہوں اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔ آزاد کشمیر میں کچھ کیا تو ہماری فوج پوری طرح تیار ہے۔ 2 ایٹمی طاقتیں آمنے سامنے ہوں گی تو پوری دنیا کو نقصان ہو گا۔ جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر اجاگر کروں گا اور ایک ماہ سے کشمیریوں کو بند کیا ہوا ہے۔