کاروباری ہفتے کے آخری روز ڈالر کی قیمت میں دو پیسے کمی

کاروباری ہفتے کے آخری روز ڈالر کی قیمت میں دو پیسے کمی
کیپشن: image by SBP

کراچی:کاروباری ہفتے کے آخری روز ڈالر کی قیمت میں دو پیسے کمی ، انٹربینک میں ڈالر  157 روپے 20 پیسے ہو گیا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق ایک ہفتے میں مرکزی بینک کے ذخائر میں 3 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے اور مرکزی بینک کے ذخائر بڑھ کر 8 ارب 71 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں،کمرشل بینکوں کے ذخائر 80 لاکھ ڈالر کی کمی سے 7 ارب 35 کروڑ ڈالر ہو گئے جبکہ مجموعی زخائر بڑھ کر 15 ارب 62 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں۔

یاد رہے کہ اگست 2018 میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت برسراقتدار آئی تو ڈالر 122 روپے کا تھا اور گزشتہ ایک سال سے ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا تاہم اب ڈالر کی قیمت میں اضافہ رک گیا ہے۔

ستمبر 2018 میں ڈالر 134 اور نومبر میں 142 پر ٹریڈ کررہا تھا ۔ گزشتہ سال کے اختتام پر ڈالر 139 روپے 40 پیسے کا ہوچکا تھا۔2019 میں بھی ڈالر کی قیمت میں روپے کے مقابلے میں پیش رفت جاری رہی۔ جنوری میں ڈالر 138 روپے93 پیسے، فروری میں 138 روپے 90 پیسے اور مارچ میں 139 روپے10 پیسے پر ٹریڈ کررہا تھا۔

اپریل 2019 میں ڈالر چھلانگ لگا کر 141 روپے 50پیسے پر آگیا ،  مئی میں 151 روپے اور جون میں تاریخ کی بلند ترین سطح 164روپے پر پہنچ گیا ، جولائی 2019 میں ڈالر کی اڑان رک گئی اور ڈالر کمی کے بعد انٹربینک میں 160 روپے اور اوپن مارکیٹ میں 161 روپے کا ہوگیا۔