کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ ختم نہ ہوا تو دنیا ایٹمی جنگ کی لپیٹ میں آسکتی ہے :وزیر اعظم

کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ ختم نہ ہوا تو دنیا ایٹمی جنگ کی لپیٹ میں آسکتی ہے :وزیر اعظم

اسلام آباد :وزیر اعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر پر ایک دفعہ پھر دنیا کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا بھارت کو اب سبق سکھانے کا وقت آگیا ،کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ ختم نہ ہوا تو دنیا ایٹمی جنگ کی لپیٹ میں آسکتی ہے ۔

تفصیلا ت کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے امریکی اخبار میں لکھے اپنے ایک مضمون میںدنیا کی توجہ کشمیر میں ہونے والے ظلم ،زیادتی کی طرف دلاتے ہوئے کہا جب وزیر اعظم بنا تو کوشش کی کہ جنوبی ایشیا میں امن لایا جائے اور بھارت کے ساتھ تمام تاریخی اختلافات کے باوجود مل کر غربت، بیروزگاری ، ماحولیاتی تبدیلی اور گلیشیئرز کے پگھلنے جیسے خطرات سے نمٹا جائے۔ میری خواہش تھی کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرکے تجارت کے ذریعے بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر بنائے جائیں۔

عمران خان نے کہا وزیر اعظم بننے کے بعد مودی کو مذاکرات کی تین دفعہ دعوت دی لیکن انہوں نے ہماری امن کی کوششوں کو یکسر انداز کیا ،مودی نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی فوج پر خود کش حملے کا الزام بھی پاکستان پر لگا کر اپنی ائیر فورس کو پاکستان بھیج دیا جس کے جواب میں ہماری پاک فوج نے انڈین طیارہ مار گرایا لیکن ایٹمی طاقت ہونے کے باوجود بھی ہم نے امن کی خاطر بغیر کسی شرط کے پائلٹ کو واپس بھارت بھیج دیا ۔

اگر دنیا کشمیر اور اس کے لوگوں پر بھارتی مظالم کو نہیں روکتی تو اس کے نتائج پوری دنیا کو بھگتنا ہوں گے کیونکہ دو ایٹمی طاقتیں براہ راست جنگ کے انتہائی قریب پہنچ جائیں گی۔ بھارتی وزیر دفاع پہلے ہی یہ کہہ کر پاکستان کو ایٹمی حملے کی دھمکی دے چکے ہیں کہ مستقبل میں بھارت حالات کو دیکھتے ہوئے نیوکلیئر ہتھیاروں کے پہلے استعمال کی پالیسی پر نظر ثانی کرسکتا ہے۔ اسی طرح کے بیانات انڈین لیڈرز کی طرف سے مسلسل آتے رہتے ہیں۔

عمران خان نے کہا یہاں یہ سمجھنا بھی ضروری ہے کہ عالمی برادری کو صرف تجارت اور تجارتی فوائد سے آگے جا کر سوچنا ہوگا کیونکہ دوسری جنگ عظیم میونخ میں خوشامدانہ پالیسی کی وجہ سے شروع ہوئی تھی ، اسی طرح کا خطرہ اب بھی دنیا کو گھیرے میں لیے ہوئے لیکن اب کی بار فرق یہ ہے کہ یہ خطرہ نیوکلیئر کے سائے میں ہے۔