افغانستان کی صورتحال پر اقوام متحدہ کا ہنگامی اجلاس آج ہو گا

افغانستان کی صورتحال پر اقوام متحدہ کا ہنگامی اجلاس آج ہو گا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

نیویارک: افغانستان کی صورتحال پر اقوام متحدہ کا ہنگامی اجلاس آج ہو گا جس میں انخلاءکے خواہشمند افراد کیلئے کابل میں سیف زون بنانے سے متعلق قرارداد پیش کی جائے گی۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان کے معاملے پر اقوام متحدہ کا ہنگامی اجلاس آج ہو گا جبکہ اس سے قبل یہ اجلاس افغانستان پر طالبان کے کنٹرول حاصل کرنے کے ایک دن بعد 16 اگست کو ہوا تھا۔
فرانسیسی صدر کے مطابق اجلاس کے دوران فرانس اور برطانیہ کی جانب سے کابل میں اقوام متحدہ کے تحت سیف زون بنانے کی قرارداد پیش کی جائے گی تا کہ وہ افراد جو افغانستان سے نکلنا چاہیں باآسانی باہر جاسکیں اور اس مقصد کیلئے طالبان سے بات چیت کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ ہم انہیں تسلیم کر رہے ہیں۔ 
دوسری جانب طالبان نے 100 ممالک کو یقین دہانی کروائی ہے کہ غیر ملکیوں اور سفری دستایزات رکھنے والے افغانوں کو 31 اگست کے بعد بھی افغانستان سے باہر جانے کی جازت ہو گی۔ 
خبر ایجنسی کے مطابق 100 ممالک میں امریکہ برطانیہ، فرانس، جرمنی، نیٹو اور یورپی یونین بھی شامل ہیں تاہم اس فہرست میں روس اور چین شامل نہیں ہیں۔ 
امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا ہے کہ طالبان نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے کہ اگر کوئی امریکی افغانستان میں رک گیا ہے تو وہاں پھنسے گا نہیں بلکہ اسے جانے کی اجازت دی جائے گی۔