پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کی ٹائمنگ غلط، یہ پچھتائیں گے: شیخ رشید کی دھمکی

پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کی ٹائمنگ غلط، یہ پچھتائیں گے: شیخ رشید کی دھمکی
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان غیر ذمہ دارانہ ہے۔ ان کی ٹائمنگ اور ٹیو ننگ غلط ہے۔  پاکستان خطے میں اہم ملک بننے جارہا ہے پاکستان ذمہ دار ایٹمی قو ت کا حامل ملک ہے ۔اپوزیشن میں دنیا کے حالات سمجھنے کی صلاحیت نہیں ۔دنیا کی سب سے بڑی سیاست پاکستان کے ارد گرد ہورہی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے وزارت داخلہ میں  پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن میں دیوار کے پیچھے دیکھنے کی صلاحیت نہیں  ۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم ) کا اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان غیر ذمہ دارانہ ہے۔  مولانا فضل الرحمان نے جو الزامات لگائے ہیں وہ غلط ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ  ان کی ذمہ داریاں زیادہ ہیں،آپ تو پچھلے دسمبر میں بھی ہم سے استعفیٰ لینے آرہے تھے، اپوزیشن کوکہناچاہتاہوں کہ آپ پھنس جائیں گے،پچھتائیں گے، ان حالات میں غیر ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کریں۔پاکستان خطے میں اہم ملک بننے جارہا ہے اور پی ڈی ایم والے لاری اڈہ لاری اڈہ کھیل رہے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن شوق سے لانگ مارچ کرے لیکن یہ لوگ جب اسلام آباد آئیں گے توان کے ساتھ قانون اورآئین کے مطابق وہی سلوک ہوگا جس کے یہ مستحق ہیں۔ہمیں ایک اور نیک ہوکر ملک کا بہتر تشخص اجاگر کرناچاہیے۔

وفاقی وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ اپوزیشن بیچتی کیاہے؟ ان کا سودا بک گیاہے، اپوزیشن پچھتائے گی، 2سال میں نیب کیسز کا فیصلہ ہوجائے گا۔ افغانستان صورتحال پر گہری نظر ہے ،2ہزار600کلومیٹر بارڈر پر باڑ لگائی ہے ۔ پاکستان نے افغان معاملے پرذمہ داری کامظاہرہ کیا،پاک فوج نے امن کے قیام کے لیے جدوجہد کی۔

انہوں نے کہا کہ  پاکستان کی فوج دنیا کی عظیم ترین فوج ہے،ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں قربانیاں دی ہیں ،دنیا یہ نہ بھولے ہمارے 80ہزار شہری شہید ہوئے ۔ افغانستان سے آنے والوں کے لیے 21دن اورایک ماہ کے ٹرانزٹ ویزے دے رہے ہیں،چمن پر لوگ آتے اور چلے جاتے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ  وزیراعظم نے وزارت داخلہ کواہم ہدایات دی ہیں، سیف سٹی میں ہیلپ لائن کھولی جائےگی ۔ بھارتی میڈیا پاکستان کے خلاف منفی پراپیگنڈے میں مصروف ہے ،طالبان نے یقین دلایا ہے کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔