نیوزی لینڈ کو دورہ پاکستان،تماشائیوں کو سٹیڈیم آنے کی اجازت

نیوزی لینڈ کو دورہ پاکستان،تماشائیوں کو سٹیڈیم آنے کی اجازت
سورس: فائل فوٹو

لاہور: کرکٹ شائقین کے لیے خوشخبری ہے ۔این سی او سی نے پاک نیوزی لینڈ سیریز کے دوران تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دے دی ہے۔ 

نیو نیوز کے مطابق این سی او سی نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز کے لیے 25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیمز میں داخلے کی اجازت دی ہے۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول تینوں ایک روزہ بین الاقوامی میچز کے لیے کُل 4500 تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شیڈول پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کے لیے کُل 5500 تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔ صرف کوویڈ 19 ویکسین کی خوراکیں مکمل کرنے والے تماشائیوں کو ہی اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ تماشائیوں کو کھیلوں کے کسی بھی ایونٹ کا حقیقی اثاثہ مانا جاتا ہے اور کورونا کی صورتحال بہتر ہونے پر تماشائیوں کو آنے کی اجازت ملی ہے۔ 

تین ون ڈے میچز کھیلنے کے لیے قومی اسکواڈ 8 ستمبر کو اسلام آباد پہنچے گا۔ اسلام آباد میں ایک روزہ قرنطینہ کے بعد قومی اسکواڈ 10 ستمبر کو ٹریننگ کا آغاز کردے گا۔ 

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں شامل تینوں میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ یہ میچز 17، 19 اور 21 ستمبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ سیریز میں شامل تمام پانچ ٹی 20 انٹرنیشنل میچز قذافی اسٹیڈیم لاہورمیں کھیلے جائیں گے جو 25 ستمبر سے 3 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔

پی سی بی کے مطابق’سیریز میں شامل تینوں ون ڈے انٹرنیشنل میچز جہاں آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں رسائی کے لیے اہم ہوں گے وہیں پانچ ٹی 20 انٹرنیشنل میچز بھی قومی کرکٹ ٹیم کے لیے آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 رینکنگ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے کا بہترین موقع ثابت ہوں گے۔