بجلی کے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ وصولی معطل کرنے کا حکم 

بجلی کے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ وصولی معطل کرنے کا حکم 

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے بجلی کے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ (ایف پی اے) ٹیکس وصولی معطل کرتے ہوئے اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے سربراہ کو طلب کر لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں بجلی کے بلوں میں مختلف ٹیکسز اور فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر اوور بلنگ کا سلسلہ جاری ہے تاہم لاہور ہائیکورٹ نے اس کے خلاف سماعت کرتے ہوئے عوام کو بڑا ریلیف دیدیا ہے۔ 
لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ نے جسٹس جواد الحسن کی سربراہی میں بجلی کے بلوں میں اضافہ چارجز وصول کئے جانے پر سماعت کی اور فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ ٹیکس وصولی معطل کر دی۔
جسٹس جواد الحسن نے یہ ٹیکس معطل کر کے آئیسکو سربراہ کو 15 ستمبر کو طلب کر لیا جبکہ واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا)، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے بھی یہ ٹیکس وصولی روک کر آئندہ تاریخ کو جواب طلب کر لیا۔
واضح رہے کہ شہریوں کی جانب سے بجلی کے زیادہ بلوں کے خلاف احتجاج کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے 24 اگست کو شہریوں کو بجلی کے بلز میں فیول ایڈجسمنٹ ٹیکس منہا کرکے باقی بل جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

مصنف کے بارے میں