آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کا ون ڈے اسکواڈ ،محمد عرفان ، عمر اکمل کی ٹیم میں واپسی

 آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کا ون ڈے اسکواڈ ،محمد عرفان ، عمر اکمل کی ٹیم میں واپسی

لاہور: آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کے ون ڈے اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اظہر علی ٹیم کے کپتان برقرار ،محمد عرفان ، عمر اکمل کی ٹیم میں واپسی ہوگئی  جبکہ آسٹریلیا کے لیے ویزہ اپلائی کرنے والے اور ڈومیسٹک کرکٹ کے ٹاپ اسکورر کامران اکمل کو ایک بار پھر نظر انداز کر دیا گیا۔

قومی ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ کی قیادت اظہر علی ہی کو سونپی گئی ہے، جبکہ سرفراز احمد نائب کپتان برقرار رہیں گے ،عمر اکمل اور محمد عرفان کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے ۔ مسلسل ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے اور پھر معافی تلافی کے بعد ٹیم کا حصہ بننے والے عمر اکمل نے آخری بار مارچ 2015 کے ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔ طویل القامت فاسٹ بولر محمد عرفان کو بھی دورہ انگلینڈ کے بعد قومی ون ڈے اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ دوسری جانب رواں سال ڈومیسٹک کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانیوالے وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کو مکمل نظر انداز کر دیا گیا ، گزشتہ اطلاعات کے مطابق کامران نے سلیکٹرز کے کہنے پر آسٹریلیا کے ویزہ کے لیے بھی اپلائی کر دیا تھا۔ قومی اسکواڈ میں شرجیل خان ، بابر اعظم ، شعیب ملک ، اسد شفیق،عمر اکمل ،سرفراز احمد ،محمد رضوان ،عماد وسیم ، محمد نواز ،محمد عامر، وہاب ریاض ،حسن علی ، راحت علی اور محمد عرفان بھی ٹیم میں شامل ہیں۔ پاکستان اورآسٹریلیا کےدرمیان 5ون ڈےمیچزکی سیریز 13جنوری سے شروع ہوگی۔

مصنف کے بارے میں