خیبرپختونخوا اورفاٹا کے عوام یک جان ودو قالب ہیں، گورنرخیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا اورفاٹا کے عوام یک جان ودو قالب ہیں، گورنرخیبرپختونخوا

پشاور: گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ خیبرپختونخوا اورفاٹا کے عوام یک جان ودو قالب ہیں۔ قوموں کی زندگی میں اپنے ہیروز کے کارناموں کازندہ وپائندہ رہناباعث فخرہوتاہے۔ خیبرپختونخوا اورفاٹا کی جغرافیائی، سیاسی وثقافتی اہمیت کا بانی پاکستان کے اقوال وکردار سے واضح اندازہ ہوتاہے۔ ہم تحریک آزادی کے اکابرین کے خوابوں کی روشنی میں اپنے وطن کوبہتر مستقبل کی راہ پرگامزن کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب ہم اپنے بزرگوں کے خوابوںکی مکمل تعبیر بھی ممکن بنانے میں کامیاب ہو جا ئیں گے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعہ کے روز گورنرہاؤس پشاور میں بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کے یوم پیدائش کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ممنون حسین نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اور خطاب بھی کیا۔ تقریب میں اراکین پارلیمنٹ،سیاسی وسماجی شخصیات ، طلباء وطالبات کی بڑی تعداد شریک تھی۔ اس موقع پر طلباء کی جانب سے ملی نغمے اورٹیبلوز بھی پیش کئے گئے۔ گورنرنے کہاکہ پاک فوج،سیکورٹی فورسز اور قبائلی عوام کی قربانیوں کی بدولت فاٹا اور صوبے میں امن لوٹ آیاہے۔ انہوں نے صوبے اورفاٹا کے عوام اور سیکورٹی فورسزکے جوانوںوافسران کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے ہرمشکل وپریشانی کاخندہ پیشانی سے سامناکیا۔ انہوں نے کہاکہ ہماری آزمائشیں ابھی ختم نہیں ہوئیں۔ ابھی اس سفر کے کچھ سنگ میل طے کرنا باقی ہیں۔ گورنرنے کہاکہ ضرب عضب کے کامیاب آپریشن کی بدولت فاٹامیں ریاست کی عملداری یقینی بنادی گئی ہے آج صوبے اورفاٹا میں کوئی بھی ایسا علاقہ نہیں جہاں ہماری فورسز کوکوئی بحیثیت ایک گروہ کے چیلنج کرسکے۔ نقل مکانی کرنے والے قبائلی خاندانوں کی اپنے آبائی علاقوں کوواپسی تقریباً مکمل ہوچکی ہے اورمتاثرہ علاقوں میں انفراسٹرکچرکی بحالی کاکام شروع ہوچکاہے۔ انہوں نے کہاکہ پاک فوج ،سیکورٹی فورسز اور قبائلی عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور خطے میں امن کے قیام کیلئے جو قربانیاں دی ہیں، پوری قوم کو ان پر فخرہے۔ انہوں نے کہاکہ فاٹا کوملک کے ترقیاتی علاقوں کے برابر لانے اورترقی کے قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے قبائلی عوام کی مرضی ومشاورت کے مطابق اصلاحات لائی جارہی ہیں۔