ماہرین نے موٹاپے کےایسے فوائد بتا دیئےکہ رپورٹ پڑھ کر سب پتلے غم میں مبتلا ہو جائیں

ماہرین نے موٹاپے کےایسے فوائد بتا دیئےکہ رپورٹ پڑھ کر سب پتلے غم میں مبتلا ہو جائیں

لندن: دنیا بھر میں موٹاپے کو ناپسند کیا جاتا ہے اور لوگ اس سے نجات کے لیے کئی جتن کرتے ہیں۔ کئی تحقیقاتی رپورٹس میں اس کے نقصانات بھی سامنے آ چکے ہیں لیکن اب ماہرین نے ایک نئی تحقیق میں موٹاپے کے فوائد بھی بیان کر دیئے ہیں جن کے متعلق جان کر موٹاپے کے شکار افراد خوش ہو جائیں گے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ”مناسب موٹاپا بھی ہماری صحت مند زندگی اور بقاءکے لیے اتنا ہی اہم ہے جتنا کہ بڑی آنت، پھیپھڑے اور دل ہیں۔اگرچہ موٹاپے کے خلاف متنبہ کیا جاتا ہے لیکن ہمیں مناسب موٹاپے کو خطرناک دشمن نہیں سمجھنا چاہیے۔حقیقت یہ ہے کہ ہماری زندگی کے لیے کچھ موٹاپا انتہائی اہم ہے۔ہم جسم میں چربی جمع ہونے کے عمل کو موٹاپا سمجھتے ہیں لیکن ہماری نئی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ موٹاپا ہمارے دیگر اعضاءدل اور پھیپھڑوں کی طرح باقاعدہ ایک حرکیاتی عضو ہے جو ہمارے ہارمونز کی سرگرمیوں پر اثرانداز ہوتا ہے اور یہ ہمارے جسم پر زندگی اور موت کی حد تک اثرانداز ہوتا ہے۔“

رپورٹ کے مطابق ماہرین نے اپنی اس تحقیق میں چوہوں پر تجربات کیے ہیں۔ انہوں نے چوہوں کے دو گروپوں میں سے ایک کو چکنائی والی غذائیں دی جبکہ ایک گروپ کو چکنائی کے بغیر۔ کچھ عرصہ بعد وہ چوہے جنہیں چکنائی کے بغیر خوراک دی جاتی رہی تھی، سوکھ کر کانٹا ہو گئے اور بیمار پڑ گئے۔ ان کی جلد انتہائی سخت اور کھردری ہو گئی جو سکری سے بھری ہوئی تھی۔ ان کے بال بھی جھڑ گئے اور ان سب کو جلدی امراض لاحق ہو گئے۔ ان کے پنجوں اور دم میں انفلیمیشن شروع ہو گئی، ان کے وزن میں مسلسل کمی ہوتی رہی اور وہ تین سے چار ہفتوں میں موت کے منہ میں چلے گئے۔ماہرین کے مطابق خشک میوہ جات اور بیجوں میں پایا جانے والا لینولیک (Linoleic) نامی فیٹی ایسڈ (Fatty Acid)جانوروں کو انفلیمیشن سے جڑی بیماریوں سے بچاتا ہے۔ ان چوہوں کو لینولیک نہ ملنے کے باعث یہ ان بیماریوں میں مبتلا ہو کر مر گئے۔

ماہرین کا مزید کہنا تھا کہ ”موٹاپا ہمارے لیے اتنا اہم ہے کہ قدرت خود یقینی بناتی ہے کہ ہم موٹے ہوں۔ ماں کے پیٹ میں موجود 14ہفتے کے بچے کے جسم میں بھی چربی جمع ہونی شروع ہو جاتی ہے، حالانکہ تب تک اس کے جسم کے باقی نظام کام کرنا ابھی شروع نہیں کرتے۔ڈائٹ کرنے والے لوگ خواب دیکھتے ہیں کہ چربی کا مکمل خاتمہ کر دیں لیکن یہ ہمارے جسموں کے لیے تباہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔ تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ جو لوگ لڑکپن میں دبلے پتلے ہوتے ہیں ان میں درمیانی عمر کو پہنچ کر دماغی خلل (Dementia)میں مبتلا ہونے کے امکانات 34فیصد زیادہ ہوتے ہیں، کیونکہ جسم میں چکنائی کی کمی سے دماغ اور پٹھے شدید متاثر ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ موٹاپا بالکل نہ ہونے سے قبل از وقت موت کے امکانات بھی زیادہ ہوتے ہیں۔“واضح رہے کہ یہ تمام تحقیقاتی نتائج معروف بائیوکیمسٹ سیلویا ٹیرا کی کتاب The Secret Life Of Fatسے لیے گئے ہیں۔

مصنف کے بارے میں