لاہور: سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے صاحبزادے علی ڈار نے کہا ہے کہ میرے اکاونٹ میں سوئٹزر لینڈ سے کوئی پیسا نہیں آیا ۔ علی ڈار نے عمران خان کے الزامات کو مسترد کر دیا اور کہا کہ ترکی، مسقط یا برطانیہ میں ہماری کوئی کمپنی نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شریف خاندان سے ہمارا کاروباری تعلق نہیں جبکہ محمد صفدر اور حسین شریف کے نام کا کوئی شخص ہمارے لیے کام نہیں کرتا۔
علی ڈار نے یہ بھی کہا کہ ٹیکس ریٹرن میں ایک، ایک درہم کا حساب ہے اور میرے پاس کاروبار کی تمام دستاویزات موجود ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس وقت ہم دبئی آئے اس وقت مواقع موجود تھے اور ہم نے ٹاور بنائے ضرور مگر ہم اس کے مالک نہیں جبکہ 5 ملین درہم پلاٹ کی بکنگ کے لیے دیے تھے۔
علی ڈار نے یہ بھی کہا کہ ولاز ہم نے قسطوں میں بک کئے۔ 2007 سے 2008 تک یہ تمام ولاز ہم بیچ چکے تھے اور پروجیکٹ مکمل ہونے پر بکنگ کرنے والے کے نام ٹرانسفر ہو جاتا ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کی ایک کمپنی ایچ ٹی ایس کے دبئی میں 52 ولاز ہیں اور ترکی، عمان، سوئٹزرلینڈ اور انگلینڈ سے بھی اسحاق ڈار کی کمپنی میں پیسے آ رہے ہیں۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں