بھارت نے پاکستان میں اپنے ہائی کمشنر کو طلب کرلیا

بھارت نے پاکستان میں اپنے ہائی کمشنر کو طلب کرلیا

نئی دہلی :بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریا کو فوری طور پر نئی دہلی طلب کرلیا ہے جس کا مقصد بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی اس کی اہلیہ اور والدہ سے ملاقات پر مشاورت کرنا ہے۔وطن واپسی کی ہدایات ملنے کے بعد پاکستان میں تعنیات بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریا فوری طور پر نئی دہلی روانہ ہوجائیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان نے بھارتی خفیہ ایجنسی کے حاضر سروس افسر اور پاکستان میں دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث کلبھوشن یادیو کی درخواست پر اس کی اہلیہ اور والدہ سے 25 دسمبر کو ملاقات کرائی تھی۔پاکستان نے یہ ملاقات انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کرائی تھی تاہم بھارت نے پاکستان کی نیک نیتی پر شک کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ پاکستان نے کلبھوشن کی اہلیہ اور والدہ کو ہراساں کیا اور اس ملاقات کو پروپیگنڈا کے لیے استعمال کیا گیا۔
پاکستان نے سختی سے بھارت کے ان الزامات کو مسترد کردیا تھا اور کہا تھا کہ اگر کلبھوشن کی اہلیہ اور والدہ کو پاکستان میں کوئی پریشانی ہوئی تو وہ اسی وقت یہ معاملہ اٹھاسکتی تھیں کیوں کہ ملاقات کے موقع پر میڈیا بھی موجود تھا۔