قطر نے پاکستان کو ابتدائی8 ممالک کی ترجیحی فہرست میں شامل کرلیا

قطر نے پاکستان کو ابتدائی8 ممالک کی ترجیحی فہرست میں شامل کرلیا
کیپشن: تصویر بشکریہ ٹوئٹر

کراچی:پاکستان کے دوست عرب ملک قطر کے کراچی میں تعینات قونصل جنرل مشال محمد اے اے انصاری نے کہا ہے کہ قطر کی حکومت نے تعلقات میں مزید اضافے کیلیے پاکستان کو ابتدائی8 ممالک کی ترجیحی فہرست میں شامل کیا ہے۔


یہ بات انھوں نے ہفتے کو قطر کی حکومت کی جانب سے کراچی میں دوسرے قطر ویزا مرکز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔ قطری قونصل جنرل نے کہا کہ دنیا کے 8 ترجیحی ممالک میں ہی قطر ویزا مراکز کھولے جا رہے ہیں، انھوں نے کہا کہ پاکستانی ہنرمندوں کیلیے ورک ویزا قطری وزارت داخلہ کی منظوری سے مشروط ہے اور پاکستانیوں کو ورک ویزا قطر ویزا مرکز سے قطری وزارت داخلہ کے ویزا ریفرنس نمبر پر ہی جاری کرے گا۔


انھوں نے کہا کہ ویزا مرکز کے قیام کا مقصد پاکستانی ہنرمندوں کو قطر میں روزگار فراہم کرنا ہے، ویزا مرکز سے پاکستانیوں کیلیے وزٹ اور رہائیشی ویزے بھی جاری کیے جائیں گے، انھوں نے کہا کہ قطر فیفا ورلڈکپ 2022 کے منصوبوں میں پاکستانی پروفیشنلز اور ہنر مندوں کی شمولیت بڑھانا چاہتا ہے، تقریب سے قطر کے خارجی امور کے سربراہ میجر عبداللہ نے کہا کہ پاکستان 8 ترجیحی ممالک میں پہلا ملک ہے جہاں قطر ویزا مراکز قائم کیے گئے ہیں۔


انھوں نے کہا کہ قطر کی حکومت پاکستانیوں کو ان کی دہلیز پر ویزا خدمات فراہم کر رہی ہے، سندھ کی وزیر برائے حقوق نسواں شہلا رضا نے کہا کہ ویزا مراکز کا قیام پاکستان اور قطر کے درمیان مثالی تعلقات کی غماز ہے، انھوں نے کہا کہ قطر کی جانب سے پاکستان کے سیاحت، آئی ٹی بینکنگ، آئل گیس میں سرمایہ کاری ہو رہی ہے، انھوں نے کہا کہ پاکستان سے قطر کیلیے کاٹن یارن چاول سمیت متعدد دیگر مصنوعات برآمد کی جا رہی ہیں۔