سندھ سے چیخیں آرہی ہیں کہ گیس نہیں دی جارہی، بلاول کی وزیراعظم پر تنقید 

 سندھ سے چیخیں آرہی ہیں کہ گیس نہیں دی جارہی، بلاول کی وزیراعظم پر تنقید 
کیپشن: فوٹو بشکریہ:بلاول ٹوئیٹر اکاؤنٹ

اسلام آباد: بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ  بجلی، گیس اور پیٹرول مہنگا ہونے کی وجہ سے  چیخیں اب دھاڑ میں بدل رہی ہیں جو  عمران خان کی حکومت گرا دیں گی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بجلی، گیس اور پیٹرول مہنگا ہونے کی چیخیں اب دھاڑ میں بدل رہی ہیں جو وفاقی حکومت کو  گرا دیں گی۔

بلاول  نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے  پیغام میں کہا کہ جی ہاں، سندھ سے چیخیں آرہی ہیں کہ سب سے زیادہ گیس پیدا کرنے والے صوبے  کو گیس نہیں دی جارہی۔سندھ سے چیخیں آرہی ہیں کہ سندھ کو پانی نہیں دیا جارہا،ہماری  زراعت اور صنعتیں تباہ ہورہی ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پورے پاکستان سے آوازیں اٹھ رہی ہیں کہ بجلی ، گیس اور پیٹرول مہنگا ہو گیا ہے، غریب کے سر پر نہ چھت، نہ پیٹ میں روٹی، نہ تن پہ کپڑا، یہ چیخیں اب دھاڑ میں بدل رہی ہیں جو آپ کی حکومت گراکر دم لیں گی۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ جعلی بینک اکاؤنٹس کے حوالے سے منی لانڈرنگ کی تفتیش کی  جارہی ہے جس پر سندھ سے چیخیں آرہی ہیں۔