وفاقی حکومت کی ڈیڑھ سالہ کارکردگی سے مطمئن نہیں، ترجمان ایم کیو ایم

وفاقی حکومت کی ڈیڑھ سالہ کارکردگی سے مطمئن نہیں، ترجمان ایم کیو ایم
کیپشن: Image Source: File Photo

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے وزارتوں کی پیشکش کے بعد متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نےعمران خان کی موجودہ حکومت کے ساتھ اتحاد وزارتوں کے لیے نہیں کیا۔


تفصیلات کے مطابق ، کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت سے الگ ہو جائے تو وفاق جتنی وزاتریں سندھ میں دینے کے لیے تیار ہیں، ہماری شرط ہے کہ صوبے سندھ کو اس کا حصہ دلوا دیں ہم ساتھ مل کر اس صوبے کو ترقی دلوا سکتے ہیں ۔

رد عمل دیتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کے ساتھ اتحاد کراچی کے مفاد کی خاطر کیا ہے، پی ٹی آئی سے اتحاد وزارتوں کے لئے نہیں کیا تھا۔

ترجمان ایم کیوایم کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی ڈیڑھ سالہ کارکردگی سے مطمئن نہیں، حکومت سے علیحدگی کا فیصلہ کسی کی خواہش پر نہیں کرینگے۔

ایم کیو ایم کا مزید کہنا تھا کہ ہم وزارتوں کی بجائے عوامی حقوق کی سیاست کر رہے ہیں، ہمیں پیشکش دینے کے بجائے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو مقامی حکومتوں کو بااختیار بنائیں۔

اس سے قبل میئر کراچی وسیم اختر نے چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی آفر پر کہا تھا کہ عوام کے مفاد میں کسی کے ساتھ بھی جا سکتے ہیں۔

مئیر کراچی کا کہنا تھا کہ بنیادی مسائل کے حل کے لیے پہلےبھی پیپلزپارٹی (پی پی پی) کا ساتھ دیا تھا، بلاول کی آفر کو قبول کرنا میرے اختیار میں نہیں، ہماری جماعت انکی آفر پر غور کر سکتی ہے۔

وسیم اختر کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکمران جماعتوں نے کراچی کے مسائل حل نہیں کیے، موجودہ وفاقی حکومت بھی ایساہی کررہی ہے۔