پاکستان میں عالمی وبا کے وار جاری، مزید 55 شہری جاں بحق

Global epidemic continues in Pakistan, 55 more civilians killed
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: پاکستان میں عالمی وبا سے اموات کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران حاصل کئے گئے ڈیٹا کے مطابق مزید 55 شہری اس موذی مرض سے اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری ہونے والے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں 2714 مریض ہسپتالوں میں داخل ہیں۔ ملک بھر میں وبائی مرض کیلئے دستیاب وینٹی لیٹرز میں 299 زیر استعمال ہیں۔ پشاور میں دستیاب وینٹی لیٹرز میں 30 فیصد، لاہور میں 32 فیصد، اسلام آباد 41 فیصد اور ملتان میں 44 فیصد مریض ان وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں سب سے زیادہ اموات پنجاب جبکہ دوسرے نمبر پر سندھ میں ہوئیں۔ وبائی مرض سے انتقال کرنے والے 55 میں سے 46 مریض ہسپتالوں میں داخل تھے جبکہ ان میں سے 26 وینٹی لیٹر پر تھے۔

این سی او سی کی جانب سے جاری اعدودشمار میں بتایا گیا ہے کہ 24 گھنٹوں میں 2155 نئے کیس سامنے آئے۔ حالیہ اضافے سے ملک میں مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 77 ہزار 240 ہو گئی ہے۔ 29 دسمبر کو کورونا کے 36390 ٹیسٹ کیے گئے۔ پاکستان میں وبائی مرض کے ایکٹو کیسز کی تعداد 37080 جبکہ کنفرم مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 77 ہزار 240 ہے۔

ڈیٹا کے مطابق صوبہ پنجاب اور سندھ اس مرض سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ عالمی وبا سے صوبہ پنجاب میں مرنے والوں کی تعداد 3 ہزار 982 جبکہ سندھ میں 3 ہزار 520 ہو چکی ہے۔

ملک کے دیگر حصوں کی بات کی جائے تو خیبر پختونخوا میں 1 ہزار 627، اسلام آباد میں 415، گلگت بلتستان میں 101، بلوچستان میں 182 اور آزاد جموں وکشمیر کے 220 شہری اس موذی مرض میں مبتلا ہو کر موت کی وادی میں جا چکے ہیں۔