میری گرفتاری سے نواز شریف کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے: خواجہ آصف

My arrest is an attempt to weaken Nawaz Sharif: Khawaja Asif
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے الزام عائد کیا ہے کہ میری گرفتاری سے نواز شریف کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

یہ بات انہوں نے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر کہی۔ خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے کیس میں لیگی رہنما خواجہ آصف کو گزشتہ رات گرفتار کر لیا تھا۔ آج انھیں انتہائی سخت سیکیورٹی میں عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔ اس موقع پر دیگر لیگی قیادت اور کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ گذشتہ دو سالوں سے ہماری جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کو توڑنے کی ناکام کوششیں کی جا رہی ہیں۔ میری گرفتاری بھی اسی تناظر میں ہے۔ میری گرفتاری کا مقصد ہمارے قائد میاں نواز شریف کو کمزور کرنے کی کوشش ہے۔

خواجہ آصف نے الزام عائد کیا کہ مجھے چارج شیٹ دی گئی کہ میرے اثاثے بڑھ گئے لیکن ابھی تک نیب نے کوئی تفتیش نہیں کی۔ اس موقع پر ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ آپ کو کس نے کہا تھا کہ نواز شریف کو چھوڑ دیں تو کیسز ختم ہو جائیں گے۔ اس کا جواب دیتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہم سب کو دو، ڈھائی سال سے کہا جا رہا ہے، جب سے میاں صاحب کو نااہل کیا گیا۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ گرفتاری سے پیغام ایک ہی ہے کہ یہ جبر اور ظلم ہے۔ خواجہ آصف اپنی پارٹی اور قیادت کےساتھ مخلص ہیں۔ یہ لوگ پی ڈی ایم اور ن لیگ کو پوری طاقت سے دبانے کی کوشش کریں گے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ڈی ایم نے استعفے پارٹی قیادت کے پاس جمع کرانے کے علاوہ کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ فی الحال پی ڈی ایم نے یہ فیصلہ نہیں کیا کہ استعفے سپیکر کو دیے جائیں۔