سیاسی ڈائیلاگ کے لیے حکومت پہلے دن سے تیار ہے: سینیٹر فیصل جاوید

The government is ready for political dialogue from day one: Senator Faisal Javed
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: حکمران جماعت تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ ڈائیلاگ کے لیے حکومت پہلے دن سے تیار ہے، تاہم عوامی مفاد کے مسائل پر ڈائیلاگ کریں، ذاتی کرپشن پر نہیں کریں گے۔ این آر او کے علاوہ ڈائیلاگ کے لیے تیار ہیں۔

سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ یہ سارے ہتھکنڈے پہلے ہی استعمال کر چکے ہیں۔ اپوزیشن سو لانگ مارچ کریں، پبلک انھیں کو مسترد کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے جلسوں کی وجہ سے ہی کورونا کیسز اوپر گئے۔

فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ لندن فلیٹس کی اصل مالکہ مریم نواز ہیں۔ یہ لوگ اپنی چوری بچانے کے لیے حکومت کو بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اپوزیشن کے استعفے لطیفے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں ان کو کسی صورت این آر او نہیں دوں گا۔ اپوزیشن فوری استعفے دے، سپیکر فوری طور پر قبول کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے استعفے قبول کرکے نئے سال کو گند سے صاف کریں گے۔ انہوں نے سیاسی قائدین کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو حال بلاول نے پیپلز پارٹی کا کیا، وہ حال مریم نواز ن لیگ کا کر چکی ہیں۔ یہ دونوں نواز شریف کا ٹی ٹی کیس اور زرداری کا منی لانڈرنگ کیس ختم کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سلمان شہباز کا بے نامی اور نواز شریف کا ٹی ٹی کیس اسی زمرے میں آتا ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ لندن فلیٹس اور سرے محل کیس کلیئر ہو جائیں اور عمران خان انہیں این آر او دے دیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے بہت سےرہنما این آر او کے بینیفشری ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ ان کے تمام کیسز معاف کیے جائیں۔ اپوزیشن نے 38 میں 34 شقوں میں ترمیم کی تجویز دی۔