اگر حکومت اسلام آباد میں انتخابات نہیں کراتی تو ہائیکورٹ کی توہین ہو گی: فواد چوہدری

اگر حکومت اسلام آباد میں انتخابات نہیں کراتی تو ہائیکورٹ کی توہین ہو گی: فواد چوہدری

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءفواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ کو ایسا بیان دینے سے پہلے استعفیٰ دینا چاہئے، اگر حکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات نہیں کراتی تو ہائیکورٹ کی توہین ہو گی۔ 
تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ راناثنااللہ جہاں بھی الیکشن کراتے ہیں شکل دکھانے کے قابل نہیں رہتے، وزیرداخلہ کو یہ بیان دینے سے پہلے استعفیٰ دینا چاہئے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ماتحت ادارے کی طرح کام کر رہا ہے جس نے 3 دن پہلے احمقانہ فیصلہ کیا تھا۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 125 یونین کونسل کا فیصلہ کالعدم کر دیا ہے اور اگر حکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات نہیں کراتی تو ہائیکورٹ کی توہین ہو گی۔ 
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے کل ہی بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا ہے۔ 
اسلام آباد ہائیکورٹ نے علی نواز اعوان اور جماعت اسلامی کی بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف درخواستوں پر فیصلہ سنایا جبکہ تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔ 
وفاقی حکومت نے کل اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کیخلاف انٹراکورٹ اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس مقصد کیلئے ایڈیشنل اٹارنی جنرل آفس نے فیصلے کی مصدقہ نقل کیلئے اپلائی کر دیا ہے۔ 
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے اس حوالے سے دئیے گئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں لیکن یہ قابل عمل نہیں اور کل انتخابات نہیں ہو سکتے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ اتنے کم وقت میں اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانا ممکن نہیں ہے، 1000 پولنگ سٹیشنز پر اسلام آباد پولیس کو تعینات نہیں کر سکتے بلکہ ہمیں رینجرز اور ایف سی کو بھی الیکشن کیلئے بلانا ہے۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ اب تو الیکشن کا نیا شیڈول جاری ہو سکتا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کریں گے کیونکہ ایک ہزار پولنگ سٹیشنز کیلئے کم وقت میں انتظامات نہیں کر سکتے۔ 

مصنف کے بارے میں