حکومت کا کراچی، اسلام آباد اور لاہور ائیرپورٹس آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ

حکومت کا کراچی، اسلام آباد اور لاہور ائیرپورٹس آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: حکومت نے کراچی، اسلام آباد اور لاہور ائیر پورٹس آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کر لیا اور وزیراعظم شہباز شریف نے تینوں ائیر پورٹس پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت آؤٹ سورس کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ہوا بازی اور پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کے امور پر اجلاس میں بریفنگ کے دوران وزیراعظم کو بتایا گیا کہ دنیا بھر میں ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ معمول کا منافع بخش عمل ہے جس پر وزیراعظم نے پاکستان کے تینوں بڑے ائیرپورٹس آؤٹ سورس کرنے کی ہدایت کی۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر جناح انٹرنیشنل اور اسلام آباد ائیرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کی جائے گی جبکہ اس مقصد کیلئے بین الاقوامی ساکھ کے حامل انٹرنیشنل آپریٹرز کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پہلے مرحلے میں ملک کے تین ہوائی اڈوں کو انٹرنیشنل آپریٹرز کے ذریعے چلایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل آپریٹرز 20 سے 25 سال کے دورانیہ کی مدت کیلئے اسلام آباد، لاہور اور کراچی کے ہوائی اڈوں کو چلانے میں معاونت فراہم کریں گے جبکہ ہوائی اڈوں پر سروس کا بین الاقوامی معیار بھی مہیا کریں گے۔ 
واضح رہے کہ 44 ممالک میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ فارمولے پر عمل درآمد ہو رہا ہے جن میں امریکہ، برطانیہ، بھارت، بحرین، برازیل شامل ہیں جہاں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے اصول پر ہوائی اڈوں کا انتظام چلایا جا رہا ہے۔

مصنف کے بارے میں