ایان علی کو بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی

 ایان علی کو بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی

اسلام آباد: ڈالر گرل ایان علی کی بیرون ملک سفر کی راہ میں حائل رکاوٹ دور ہو گئی۔ سپریم کورٹ نے نام ای سی ایل سے نکالنے کے خلاف وفاق کی اپیل خارج کرتے ہوئے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھا۔ واضح رہے 28 جنوری کو وزارت داخلہ نے ایان علی کا نام ایگزیٹ کنٹرول سے نکالنے سے متعلق فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

وزارت داخلہ کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ایان علی کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے اس لئے سندھ ہائیکورٹ سماعت نہیں کر سکتی۔ یہ معاملہ سندھ ہائیکورٹ کے دائرہ کار سے باہر تھا اور اس کا فیصلہ انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے لہٰذا اسے کالعدم قرار دیا جائے۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ پنجاب ہوم ڈپارٹمنٹ کی استدعا پر نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا۔ سندھ ہائی کورٹ نے میرٹ پر فیصلہ دیا لیکن درخواستوں کے قابل سماعت ہونے کا جائزہ نہیں لیا۔