نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کو پہلے ون ڈے میچ میں شکست دیدی

 نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کو پہلے ون ڈے میچ میں شکست دیدی

آکلینڈ: ایڈن پارک میں ہونیوالے تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے میں مہمان آسٹریلیا میزبان ٹیم کے 287 رنز کے تعاقب میں انتہائی مشکلات کا شکار ہو گئی اور صرف 67 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی لیکن پھر ساتویں نمبر پر آنیوالے بیٹسمین مارکس سٹوئنیز نے کریز سنبھالی تو ون ڈے کیرئیر کے دوسرے میچ میں پہلی سنچری داغ ڈالی۔

کیوی بولرز کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 11 چھکے اور 9 چوکے لگا کر 146 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ وہ ساتویں نمبر کے سب سے زیادہ اسکور بنانیوالوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر بھی آ گئے۔ ٹیم کو جیت کے لیے 19 گیندوں پر صرف سات رنز ہی درکار تھے جبکہ نو وکٹیں گر چکیں تھیں۔

ٹم ساؤتھی کی بال پر سٹوئنیز کے ساتھ کھڑے جوش ہیزل ووڈ رن بنانے کے چکر میں رن آؤٹ ہوئے تو جیسے کینگروز کی یقینی جیت ہار میں تبدیل ہو گئی۔ نیوزی لینڈ نے چھ رنز سے فتح کیساتھ سیریز میں تین میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔