بھارت میں ایم آر آئی مشین میں پھنسنے سے 32 سالہ شخص ہلاک

بھارت میں ایم آر آئی مشین میں پھنسنے سے 32 سالہ شخص ہلاک

ممبئی:ہسپتال میں اپنے بیمار رشتے دار کی تیمار داری کو گیا 32 سالہ شخص ایم آرآئی مشین میں پھنسنے کی وجہ سے ہلاک ہوگیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ممبئی کے ہسپتال میں پیش آیا جب 32 سالہ راجیش مارو نامی شخص اپنے معمر بیمار رشتے دار سے ملنے ہسپتال گیا ۔

پولیس حکام نے بیان جاری کیا کہ راجیش کے ساتھ یہ حادثہ تب پیش آیا جب وہ ایم آرآئی مشین والے کمرے میں آکسیجن سلنڈر لینے گیا اور مشین کی مقناطیسی قوت نے  اسے سلنڈر سمیت اپنی طرف کھینچ لیا جس کےبعد راجیش نے اپنے آپ کو آزاد کرانے کی کافی کوشش کی مگر قسمت نے اس کا ساتھ نہ دیا اور صرف 2منٹ میں ہی سلنڈر سے نکلنے والی گیس کی وجہ سے اس کی ہلاکت ہوگئی۔

نائیر ہسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ مشین کے ساتھ ٹکرانے کی وجہ سے سلنڈر کو نقصان پہنچا جس کی وجہ سے گیس لیک ہوئی اور مشین میں پھنسے راجیش کی زندگی کا صرف دو منٹ میں خاتمہ ہوگیا۔پولیس کی جانب سے ہسپتال کے تین افراد کو لاپروائی برتنے پر بھارتی قانون کے تحت گرفتار کرلیا گیا ہے۔راجیش کی موت نے اس کے گھر والوں پر قیامت ڈھا دی اور وہ اس خبر کو سن کر سکتے کی حالت میں آگئے۔