سی آئی اے نے امریکہ کو شمالی کوریا سے متعلق خبردار کر دیا

سی آئی اے نے امریکہ کو شمالی کوریا سے متعلق خبردار کر دیا

واشنگٹن: امریکہ کے خفیہ ادارے سی آئی اے کے سربراہ مائک پومپیو نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ شمالی کوریا جلد امریکا پر جوہری حملے کی صلاحیت حاصل کرسکتا ہے جبکہ روس امریکہ کے وسط مدتی انتخابات میں مداخلت کرسکتا ہے۔
مائک پومپیو نے سی آئی اے کے ہیڈ کوارٹر میں برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاحال امریکا اور یورپ کے اندرونی معاملات میں روسی مداخلت جاری ہے جس میں کوئی قابل ذکر کمی نہیں آئی ہے۔امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے سربراہ نے شمالی کوریا کے حوالے سے خدشہ ظاہر کیا کہ شمالی کوریا آئندہ چند ماہ میں امریکا کو جوہری ہتھیاروں کے ذریعے نشانہ بنانے کی صلاحیت حاصل کر سکتا ہے۔ مائک پومپیو نے کہا کہ سی آئی اے دنیا کی بہترین خفیہ سروس ہے، ہم امریکی عوام کے تحفظ کےلیے روس تک پہنچیں گے اور خفیہ رازوں کا پتا لگائیں گے۔
امریکا کے نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات کے بارے میں مائک پومپیو نے امکان ظاہر کیا کہ روس مداخلت کرسکتا ہے لیکن امریکہ میں اتنی صلاحیت موجود ہے کہ وہ اپنے ہاں شفاف اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد یقینی بنا سکتا ہے۔