فیس بک کا نیوزفیڈ میں تبدیلی سے متعلق اہم اعلان

فیس بک کا نیوزفیڈ میں تبدیلی سے متعلق اہم اعلان

کیلی فورنیا: دنیا بھر میں سماجی رابطوں کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک نے کچھ عرصہ قبل صارفین کو بتایا کہ اب نیوزفیڈ پر خبریں بہت کم نظر آئیں گی، اس کے بعد یہ بتایا گیا کہ قابل اعتبار خبری ذرائع کو آگے لایا جائے گا اور اب اس نے مقامی اداروں کو ترجیح دینے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی کا کہنا تھا کہ صارفین اب مقامی ذرائع یا میڈیا اداروں کی پوسٹس زیادہ دیکھ سکیں گے تاکہ آپ موضوعات کے بارے میں جان سکیں جو براہ راست آپ اور برادری پر اثرات مرتب کرسکتے ہیں اور جان سکیں گے کہ ارگرد کیا ہورہا ہے۔تاہم یہ اپ ڈیٹ سب سے پہلے امریکا میں متعارف کرائی جارہی ہے اور آنے والے چند ماہ کے دوران اسے دیگر ممالک تک توسیع دی جائے گی۔
کمپنی کے مطابق چھوٹے پیجز کو اس سے زیادہ فائدہ ہونے کا امکان ہے کیونکہ ان کے فالورز کسی ایک مقام سے تعلق رکھتے ہیں۔کمپنی کی جانب سے ان تبدیلیوں کا عندیہ گزشتہ ہفتے کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں قابل اعتبار خبری ذرائع کو ترجیح دینے کی بات کی گئی تھی۔