آصف زرداری کی نااہلی کیلئے درخواست سماعت کیلئے مقرر

آصف زرداری کی نااہلی کیلئے درخواست سماعت کیلئے مقرر
کیپشن: فوٹو: بشکریہ پیپلز پارٹی ٹوئٹر آفیشل

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف نااہلی کی درخواست کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کر لیا گیا ۔چیف جسٹس اطہر من اللہ کل ان درخواستوں پر سماعت کرینگے ۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنماو¿ں عثمان ڈار اور خرم شیر زمان نے آصف زرداری کی اہلیت کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔عدالت نے گزشتہ روز رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ ابتدائی سماعت کی تھی۔درخواست میں آصف علی زرداری کی بطور پارٹی سربراہ اور بطور رکن قومی اسمبلی تاحیات نااہلی کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آصف زرداری نے کاغذات نامزدگی میں اپنے اثاثے چھپائے تھے جس کے بعد وہ صادق اور امین نہیں رہے۔تاہم آج درخواستوں کو رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور ہونے کے بعد سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے اورچیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ کل ان درخواستوں پر سماعت کریں گے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف نے آصف زرداری کے خلاف درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی تھی جس کے بعد سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے اعتراض لگا کر انہیں مناسب فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔اس سے قبل پی ٹی آئی کی جانب سے 20 دسمبر 2018 کو سابق صدر پاکستان کے خلاف نااہلی کی درخواست الیکشن کمیشنمیں جمع کرائی گئی تھی۔ جسے دس جنوری کو واپس لیتے ہوئے عدالت میں جانے کا اعلان کیا گیا تھا۔