نقیب کیس، مفرور ملزمان کیخلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کا حکم

نقیب کیس، مفرور ملزمان کیخلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کا حکم
کیپشن: تفتیشی افسر نے مفرور ملزمان کو نوکری سے برطرفی کے احکامات عدالت میں پیش کیے۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: انسداد دہشت گردی عدالت نے نقیب اللہ قتل کیس میں مفرور 7 ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔

کیس کی سماعت کے دوران سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے جب کہ کیس کے تفتیشی افسر ایس پی ڈاکٹر رضوان نے پیش ہو کر مفرور ملزمان کی گرفتاری سے متعلق عدالت کو آگاہ کیا۔

تفتیشی افسر نے بتایا کہ 7 مفرور ملزمان میں امان اللہ مروت، شعیب شوٹر، اظہر شامل ہیں جنہیں گرفتار کرنے کی کوشش کی مگر کامیابی نہیں ہوئی جب کہ اس حوالے سے ایف آئی اے اور آئی بی کو خطوط لکھے گئے ہیں۔

تفتیشی افسر نے مفرور ملزمان کو نوکری سے برطرفی کے احکامات عدالت میں پیش کیے اور بتایا کہ ملزمان کے شناختی کارڈ بلاک کرا دیے گئے ہیں۔

عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ مفرور ملزمان کو گرفتار کرنے کی سنجیدہ کوشش کی ہے یا بس خانہ پوری کی ہے جس پر ڈاکٹر رضوان نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ہر ممکن کوشش کی۔

عدالت نے 7 مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے تفتیشی افسر ڈاکٹر رضوان کا مفرور ملزمان سے متعلق بیان ریکارڈ کر لیا۔ کیس کی مزید سماعت 9 فروری تک ملتوی کر دی گئی ہے۔