ہاشم آملہ نے محمد آصف کو جادوگر باؤلر قرار دے دیا

ہاشم آملہ نے محمد آصف کو جادوگر باؤلر قرار دے دیا
کیپشن: فوٹو: بشکریہ آئی سی سی ٹوئٹر آفیشل

کیپ ٹاون: دنیائے کرکٹ کے مایہ ناز جنوبی افریقی بلے باز ہاشم آملہ نے قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد آصف کو جادوگر باؤلر قرار دے دیا ۔انہوں نے کہا کہ اپنے کیرئیر میں سب سے بہترین باولر محمد آصف کو پایا جو جادوگر باؤلر ہیں۔

ایک انٹرویو میں ہاشم آملہ کا کہنا تھا کہ محمد آصف بہت صلاحیتوں کے حامل تھے، ان کی بولنگ کی رفتار تقریبا 135 کلو میٹر فی گھنٹہ کی تھی لیکن وہ جادوگر باؤلر تھے۔ہاشم آملہ نے کہا کہ محمد آصف کو میچ فکسنگ کی وجہ سے پابندی کا سامنا کرنا پڑا تاہم وہ بہترین باؤلر تھے اور ان کی لائن اینڈ لینتھ بہت شاندار تھی۔

ہاشم آملہ نے 2007 میں کھیلے گئے ایک ٹیسٹ میچ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ محمد آصف کی بول اکثر پہلے اسٹمپ پر آتی لیکن اس کے بعد گھومتی ہوئی ادھر ادھر چلی جاتی، یہ کوئی جادوگر ہی کرسکتا ہے۔

خیال رہے کہ محمد آصف کو 2010 میں انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے پر سزا سنائی گئی تھی۔آئی سی سی کی جانب سے محمد آصف کے کرکٹ کھیلنے پر 2 سال کی پابندی عائد کی گئی تھی، جس کے بعد اکتوبر 2016 میں فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی واپسی ہوئی تھی۔