چین میں پاک بحریہ کیلئے تیارہ کردہ جدید فریگیٹ 054 کی رونمائی

 چین میں پاک بحریہ کیلئے تیارہ کردہ جدید فریگیٹ 054 کی رونمائی
کیپشن: چین میں پاک بحریہ کیلئے تیارہ کردہ جدید فریگیٹ 054 کی رونمائی
سورس: فوٹو/بشکریہ ریڈیو پاکستان

شنگھائی: پاک بحریہ کے لیے چین میں تیار کیے جانے والے دوسرے جدید ترین بحری جہاز فریگیٹ 054 کی تقریب رونمائی کی گئی ۔ جہاز ہر قسم کی جدید ٹیکنالوجی، جنگی آلات، اسلحے اور سینسرز سے لیس ہو گا۔ پاک بحریہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاک بحریہ کے لیے تیار کیے جانے والے دوسرے ٹائپ 054 کلاس فریگیٹ کی لانچگ تقریب ہوڈنگ ڑونگوا شپ یارڈ شنگھائی میں منعقد ہوئی، جہاں چین میں چیف نیول اورسیز کموڈور اظفر ہمایوں نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

اعلامیہ کے مطابق تقریب رونمائی کا دن پاک چین دوستانہ تعلقات کے 70سال پورے ہونے کا دن بھی ہے۔ مذکورہ تقریب میں تقریب میں چین کے اعلیٰ عہدیداران، چائنہ شپ بلڈنگ اینڈ ٹریڈنگ کمپنی (سی ایس ٹی سی) اور ہوڈونگ ڑونگوا شپ یارڈ کے اہلکاروں نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب میں کموڈور اظفر ہمایوں کا کہنا تھا کہ ان جہازوں کی شمولیت پاکستان کے بحری دفاع اور حربی صلاحیتوں میں خاطر خواہ اضافہ کرے گی۔

اس موقع پر انہوں نے عالمی وبا کورونا وائرس کے باوجود ہوڈنگ ڑونگوا شپ یارڈ اور ایم/ایس سی ایس ٹی سی کی جانب سے ان منصوبے کو وقت پر مکمل کرنے پر ان کی محنت اور جذبے کو سراہا۔ اعلامیے میں بتایا گیا کہ ٹائپ 054 فریگیٹ پاک بحریہ کے بیڑے میں جدید ترین ٹیکنالوجی کے حامل جہاز ہوں گے جن میں جدید ترین سطح آب، زیر آب اور فضائی ہتھیاروں کے سسٹم نصب ہوں گے ۔مزید یہ کہ یہ جہاز الیکٹرانک وار فیئر، فضائی و سمندری سرویلنس اور ایکوسٹک سنسر سے لیس ہیں جو کہ کمبیٹ منیجمنٹ سسٹم کے ذریعے آپس میں جڑے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق پاک بحریہ نے چار ٹاپ 054 A/Pفریگیٹ کا معاہدہ 2017 میں کیا تھا اور تمام جہاز اپنے طے شدہ منصوبے کے مطابق فراہم کیے جا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ اگست 2020 میں پاک بحریہ کے لیے تیار کیے جانے والے پہلے ٹائپ 054 فریگیٹ کی تقریب رونمائی کا انعقاد چین کے شہر شنگھائی کے ڑونگوا شپ یارڈ میں ہوا تھا۔اس سے قبل جولائی 2020 میں پاکستان نیوی کے بحری بیڑے میں نئے جدید جہاز 'پی این ایس یرموک' کو شامل کیا گیا تھا۔ترجمان پاک بحریہ نے بتایا تھا کہ شمولیت کی تقریب پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کراچی میں منعقد ہوئی تھی جس میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔